توشہ خانہ کیس: بادی النظر میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں غلطیاں ہیں : چیف جسٹس

اسلام آباد (مشرق نیوز) سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں دائر اپیلوں پر سماعت کل تک ملتوی کردی ، چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ بادی النظر میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں غلطیاں ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے توشہ خانہ کیس ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کے حوالے کرنے کے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف دائر درخواست پر سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی ، چیف جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس مظاہرعلی اکبر نقوی اور جسٹس جمال خان مندوخیل پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ بادی النظر میں ٹرائل کورٹ نے اپنے فیصلے میں غلطیاں کی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو تو سنا ہی نہیں گیا، تین مرتبہ کیس کال کرکے ٹرائل کورٹ نے ملزم کو سزا سنا کر جیل بھیج دیا،ہم آج مداخلت نہیں کریں گے،کل ہائیکورٹ اپیلوں پر سماعت کرے،عدالت عالیہ میں ہونے والی پروسیڈنگ کو دیکھیں گے، پھر مقدمہ سنیں گے۔ کیس کی سماعت کل دوپہر ایک بجے تک ملتوی کردی گئی۔