بٹگرام چیئرلفٹ آپریشن،5بچے ریسکیو،فضائی آپریشن روکدیا گیا

بٹ گرام (مشرق نیوز) بٹ گرام کے علاقے آلائی میں چیئر لفٹ کی رسی ٹوٹ گئی، سکول جانیوالے اساتذہ اور بچے کئی گھنٹے سے لفٹ میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ لفٹ میں پھنسے بچوں اور اساتذہ کو بچانے کیلئے آرمی کا ہیلی کاپٹر بٹ گرام پہنچ گیا۔تفصیلات کے مطابق بچے صبح 7 بجے کے وقت چیئرلفٹ کے ذریعے اپنے سکول جارہے تھے کہ لفٹ کی تین میں سے دو رسیاں ٹوٹنے سے چیئرلفٹ بلندی پر پھنس گئی۔

چیئرلفٹ میں پھنسے شخص گل فراز نے بتایا کہ 6 بچے اور 2 افراد صبح 6 بجے چیئرلفٹ میں سوار ہوئے تھے، 7 بجے چیئرلفٹ کی پہلی ایک رسی اور پھر دوسری بھی ٹوٹ گئی، چیئرلفٹ ایک میل چلی تو پہلی رسی ٹوٹی۔ انہوں نے کہا کہ ہم صبح سے مدد کے منتظر ہیں، چیئرلفٹ میں ہم 8 لوگ موجود ہیں ، اس میں موجود بچوں کی عمر10 سے 13 سال کے درمیان ہے۔

گل فراز کا کہنا تھا کہ لفٹ میں پھنسے ہمیں 5 گھنٹے ہو گئے، چیئرلفٹ میں ایک لڑکا تین گھنٹے سے بے ہوش ہے، یہ لڑکا دل کے عارضے میں مبتلا ہے اور ہسپتال جارہا تھا، لفٹ میں ہم 8 افراد موجود ہیں، چیئرلفٹ میں ہمارے پاس پینے کا پانی تک نہیں اور فون کی بیٹری بھی ختم ہورہی ہے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ہزارہ طاہر ایوب خان کا کہنا ہے کہ ہم نے چیئرلفٹ ماہرکو بھی بھیجا ہے، لفٹ بہت اونچائی پر ہے، نیچے کھائی ہے اور نیٹ لگانا مشکل ہے۔

حکام کا بتانا ہے کہ پاک آرمی کا ریسکیو ہیلی کاپٹربٹگرام پہنچ کر ایریا کی ریکی کررہا ہے، ریکی کے بعد بڑے محتاط انداز میں ریسکیو آپریشن کیا جائے گا، یہ ایک انتہائی خطرناک آپریشن ہے، غیرمتوازن ہونے اور ہیلی کاپٹر کے ہوائی پریشر سے لفٹ ٹوٹ سکتی ہے اسلئے انتہائی احتیاط سے حالات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔