خاتون ملازم کو ہراساں کرنے پر نیپرا ڈائریکٹر برطرف

اسلام آباد(بیورورپورٹ)صدر مملکت نے خاتون ملازم کو ہراساں کرنے پر نیپرا ڈائریکٹر کو برطرف کردیا۔

اعلامیے میں صدر مملکت نے واضح کیا ”کسی نرمی کی گنجائش نہیں!“، نامناسب پیغامات، دفتری اوقات سے زائد رکنے کیلئے کہنا، غیر اخلاقی مطالبات ماننے سے انکار پر سنگین نتائج کی دھمکی دینا ہراسانی ہے۔

عارف علوی نے کہاخاتون و گواہوں کے بیانات، سی سی ٹی وی فوٹیج، واٹس ایپ پیغامات اور ای میل سے ہراسانی ثابت ہوتی ہے، ملزم نے بلاواسطہ جرم کا اعتراف کیا اور صرف سزا کی شدت کےخلاف اپیل دائر کی، کام کی جگہ پر خواتین کو ہراساں کرنا سنگین معاملہ ہے ،”نوکری سے نکالنے“ کی سزا دینا معقول اور مناسب رہے گا۔

صدر مملکت نے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے ڈائریکٹر، احمد ندیم (ملزم) کی دائر کردہ اپیل مسترد کر دی اور وفاقی محتسب کی طرف سے عائد کردہ ”2انکریمنٹ روکنے“ کی معمولی سزا کو تبدیل کر دیا۔