لاہور (اپنے رپورٹر سے) ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ستلج میں گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔گنڈا سنگھ کے مقام سے 69 ہزار 220 کیوسک پانی کا ریلا گزر رہا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے سے اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے۔ بھارت کی جانب سے 20 اگست تک مزید پانی چھوڑے جانے کا خدشہ ہے۔ اوکاڑہ قصور پاکپتن بہاولنگر وہاڑی لودھراں ملتان اور بہاولپور کے اضلاع ستلج پر واقع ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عمران قریشی کی متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو تمام تر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایات جاری۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ کنٹرول روم 24 گھنٹے دریاں اور بیراجز پر پانی کے بہا کو مانیٹر کر رہا ہے۔ تمام محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل رکھیں۔ ڈپٹی کمشنر فلڈ فائٹنگ پلان پر ضرورت کے مطابق نظر ثانی کرتے رہیں۔ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے بروقت اقدامات یقینی بنائے جائیں تمام محکمے، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ آپس میں قریبی رابطہ رکھیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے وافر فنڈز دے رکھے ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز کی ڈیمانڈ کے مطابق مزید سامان فراہم کرنے کے انتظامات بھی مکمل ہیں۔ مرکزی اور ضلعی کنٹرول رومز میں 24 گھنٹے مانیٹرنگ ہو رہی ہے۔
دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ، گنڈا سنگھ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب



















