راولپنڈی(بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہاہے جڑانوالہ واقعہ انتہائی افسوسناک اور ناقابل برداشت ہے،ملوث عناصر کو کٹہرے میں لائیں گے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آئی ایس پی آر انٹرن شپ پروگرام کے شرکاسے خطاب کرتے ہوئے کہانوجوانوں کےلئے ضروری ہے سچ، آدھا سچ، جھوٹ اور غلط معلومات کے درمیان فرق کو سمجھیں،معاشرے کے کسی بھی طبقے کی طرف سے کسی کےخلاف خاص طور اقلیتوں کےخلاف عدم برداشت اور انتہائی روئیے کے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں، پاکستان کے تمام شہری بلا تفریق مذہب، جنس، ذات یا عقیدہ ایک دوسرے کیلئے برابر ہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جرائم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
آرمی چیف نے مزید کہا قومی ترقی میں نوجوانوں کا کردار بہت اہم ہے، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، نوجوان ملک میں امن، ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
سربراہ پاک فوج نے ملک میںبدامنی پھیلانے اورعوام میں عدم برداشت پیدا کرنے کےلئے کی جانے والی دشمن قوتوں کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پروگرام میں پاکستان بھر سے 370 طلبہ و طالبات شریک ہوئے،آرمی چیف نے انٹرن شپ پروگرام کامیابی سے مکمل کرنے پر نوجوان انٹرنیز کو سراہا۔
جڑانوالہ واقعہ ناقابل برداشت ،ملوث عناصر کو کٹہرے میں لائیں گے،آرمی چیف



















