بغداد (مشرق نیوز) عراق میں گرمی کی شدید لہر آگئی ہے اور تاریخ میں سب سے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری سے تجاوز کر گیا۔ اس حوالے سے تیل کی کمپنیاں پہلے سے تیار تھیں اور انہوں نے خطرے کے اظہار کے لیے بنفشی جھنڈے لہرا دئیے ۔عرب ٹی وی کے مطابق درجہ حرارت 52 ڈگری سے تجاوز کرنے کے بعد بصرہ گورنریٹ میں سرمایہ کاری کرنے والی تیل کمپنیوں نے بنفشی پرچم بلند کیا۔اس جھنڈے سے مراد مختصر الٹرا وائلٹ شعاعیں ہیں جو انسانوں کے لیے سب سے زیادہ خطرناک ہیں۔ یہ ہیٹ سٹروک کا باعث بنتی ہیں اور جسم میں زندہ خلیات کو ہلاک کرتی ہیں۔بہت سی کمپنیاں اپنے ملازمین کو سب سے زیادہ احتیاط برتنے کی طرف مائل کرنے کے لیے جان بوجھ کر بھی انتباہی علامت کے طور پر بنفشی جھنڈا لہرا رہی ہیں۔ موسمیاتی اتھارٹی نے پہلے ہی اطلاع دے دی تھی کہ 13 گورنریٹس میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 50 سیلسیس سے زیادہ ہوجائے گا۔ واضح رہے خانقین سٹیشن میں گزشتہ ہفتہ کو سب سے زیادہ درجہ حرارت 52.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
عراق میں بنفشی جھنڈا لہرا کر تنبیہ، درجہ حرارت خطرناک حدوں کو چھو گیا



















