موثر فنی تعلیم و تربیت سے نوجوانوں کو ملک کا اثاثہ بنایا جا سکتا ہے:ڈاکٹر رضوان نصیر

لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ و ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں نوجوانوںکے عالمی دن اورجشن آزادی کے حوالے سے پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس سلسلہ میں ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈ کوارٹرز میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میںتمام شعبہ جات کے سربراہان، سینئر ایمرجنسی آفیسرز اور خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے زیر تربیت ریسکیورز کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اگر ہم نوجوانوں کوموثر فنی تعلیم و تربیت کے ذریعے ہنر مند بنا سکیں۔ انہوں نے تمام نوجوانوں سے بھی درخواست کی کہ وہ زندگیاں بچانے ،مثبت ذہن سازی اورسیفٹی کے فروغ دینے کے مشن میںریسکیو کا ساتھ دیں جو کہ وہ ریسکیو سکا¶ٹ بن کربا آسانی کر سکتے ہیںجس کیلئے انہیں ریسکیو کیڈٹ کور ایپ پر رجسٹر کرنے اور آن لائن ٹریننگ حاصل کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد اپنے قریبی ریسکیو سٹیشن پر عملی تربیت حاصل کریں۔ اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے سینئر ریسکیو افسران کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور کیک کاٹا اور پاکستان کے تمام صوبوں کے زیرتربیت ریسکیورزاور تمام پاکستانیوں کو آزادی کی مبارکباد دی۔ انہوں نے اس موقع پر ریسکیو 1122 کے تمام عملے کو وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات حکومت پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا ڈویلپمنٹ لیڈرشپ ایوارڈ جیتنے پر مبارکباد دی۔سیکرٹری ای ایس ڈی نے کہا کہ یہ سب کچھ قائداعظم کے رہنما اصولوں کے بغیر ممکن نہ تھا، اگر آپ پوری لگن اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی کرتے ہیں تو کوئی بھی ایسا کام نہیں ہے جس کو آپ قابل تسخیر نہیںبنا سکتے۔ مزید براںانہوں نے پاکستان ینگ ریسکیورز ٹیم کے ممبران کو آذربائیجان میں منعقد ہونے والے انٹرنیشنل ینگ ریسکیورز مقابلہ جات میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر سرٹیفکیٹس بھی دیے اور انہیں نوجوانوں کے اس عالمی دن پر خصوصی طور پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ اس کام کو جاری رکھیں گے اور پاکستان کو سر سبز و شاداب ،محفوظ اور خوشحال بنانے کیلئے پوری لگن اور دیانتداری سے کام کریں گے۔