واشنگٹن (بیورو رپورٹ) امریکہ میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی نفرت انگیز تقاریر کے سدباب اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کےلئے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیاہے۔ انہوں نے گزشتہ روز پاکستانی سفارتخانے میں مذہبی رہنماﺅں اور کمیونٹی لیڈرز کیساتھ ملاقات کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں عدم برداشت، زینوفوبیا(غیر ملکیوں سے نفرت)، انتہا پسندی اور مذہبی منافرت کا مقابلہ کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ملاقات میں مختلف مذاہب کے نمائندوں اور پاک امریکن کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی جس میں مسلم انسٹیٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد علی مہمان خصوصی تھے۔وفد میں اینگلیکن آفس برائے حکومت اور بین الاقوامی امور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ریورنڈ کینن جسٹن مرف، المصطفیٰ ٹرسٹ کے عثمان نوری، جارج ٹاو¿ن یونیورسٹی میں مسلم لائف اینڈ چیپلینسی کے ڈائریکٹر یحییٰ ہندی، بین المذاہب کارکن ڈاکٹر مقصود چوہدری اور آوٹ ریچ اینڈ انٹرفیتھ ڈائریکٹر دار الحجرہ اسلامک سنٹر امام نعیم بیگ شامل تھے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان میں صوفی ازم کی ایک عظیم تاریخ ہے اور اس نے ہمیشہ کمیونٹیز کو جوڑنے اور انہیں ایک انسانیت کے طور پر مربوط کرنے کےلئے کام کیا ہے۔پاکستان صدیوں سے متعدد تہذیبوں کا گہوارہ ہے اور ثقافتی اور مذہبی تنوع کا احترام اس کی قومی نفسیات اور روایات کا حصہ ہے اور ہم اپنی اس روایت کو پروان چڑھاتے رہیں گے۔
دنیا بھر میں بڑھتی نفرت انگیزی کیخلاف اجتماعی کوششیں ناگزیر ہے: مسعود خان



















