نیشنل گروتھ سینٹر کے قیام کا مقصد ملکی شرح نمو کی رفتار بڑھانا ہے :احسن اقبال

اسلام آباد (بیورو رپورٹ)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے منگل کو باقاعدہ طور پر نیشنل گروتھ سینٹر کا افتتاح کر دیا جس کا مقصد ملک میں شرح نمو اور اس کی رفتار کو بڑھانا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 20 ویں صدی میں آنیوالے صنعتی انقلاب کے ذریعے تبدیلی لائی گئی،اس کے بعد انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ارتقائی منازل طے کیں جبکہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے دوری کئی ممالک کی ترقی میں رکاوٹ بن گئی۔ انہوںنے کہاکہ دیرپا ترقی کیلئے تمام علاقوں کو شراکت دار بنانا ہوگا ،دنیا میں ترقی کیلئے نمو سینٹر زبنائے گئے جن کی وجہ سے ترقی ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شرح نمو کو 6 سے 8 فیصد تک لیکر جانا اور برقرار رکھنا ضروری ہے کیونکہ ہماری معیشت کا سٹرکچر معاشی شرح نمو کو پائیدار ہونے نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ 2017 اور 2023 میں آبادی کی شرح میں اضافہ ہوا، ہماری آبادی بڑھنے کا تناسب 2.55 فیصد تک پہنچ گیا ہے، آبادی کو مدنظر رکھتے ہوئے وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں عدم مساوات اور عدم مسابقت کو ختم کرنا ہے،پاکستان میں 20 پسماندہ ترین اضلاع میں سے 11 بلوچستان میں ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان کا امیر ضلع پنجاب کے غریب ضلع کے برابر ہے۔