عوام نے دوبارہ منتخب کیا تو ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرینگے: احسن اقبال

قلعہ احمد آباد، لاہور (نمائندہ مشرق+ اپنے رپورٹر سے )اگر عوام نے ہمیں دوبارہ منتخب کیا تو ملک کو ترقی کی جانب گامزن کریںگے ، ہماری پارٹی نے ہمیشہ غریب کو تعلیم ،صحت ، اور روزگار مہیا کیاہے۔ ان خیالات کا اظہارمسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے قلعہ احمد آباد تا ڈھولن موڑ ،نونار تا چاہل کارپٹ روڈ کا افتتاح کرنے کے بعد قلعہ احمد آباد میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی سیاست میں بداخلاقی اور بد زبانی کو پروان چڑھایا ہے جو ہمیشہ دوسروں کو چور ڈاکو کہتا تھا آج خود چور ثابت ہو گیا ہے اور جیل میں بند ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ضلع نارووال میں تعلیمی معیار کوبہتر سے بہتر بنانے کے لئے میںکوشاں ہوں کل ہمارے ضلع کے بچے اور بچیاں دوسروں ضلعوں میں تعلیم حاصل کرنے جاتی تھیں او الحمد اللہ آج دوسرے ضلعوں کے بچے اوربچیاں تعلیم کے سلسلے میں نارووال آرہی ہیں ، احسن اقبال چوہدری ، خواجہ محمد وسیم بٹ ، چوہدری بلال اکبر خان کا قلعہ احمد آباد پہنچنے پر سماجی کارکن حاجی عمر بٹ ،سابقہ کونسلر احتشام بٹ اورکارکنوںنے ڈھول کی تھاپ پرپر تپاک استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے ،افتتاحی تقریب میں بلال اکبر خان ،خواجہ وسیم بٹ، اروڑاسنگھ ،سماجی رہنما حاجی عمر بٹ ، سابقہ کونسلر احتشام بٹ ،محمد سیلم نمبردار سابقہ وائس چیئرمین سمیت مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ دریں اثناءلاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ سیاسی میدان میں ٹی ٹوئنٹی کے میچ سے جان چھڑوانا ہوگی، 5 سال کی میوزیکل چیئر سے ملک ترقی نہیں کر سکتا، 10 سالہ پلاننگ کرنا ہوگا۔ کیا وجہ ہے کہ خطے کے تمام ملکوں میں پاکستان مسلسل پیچھے جارہا ہے؟ بھارت یا بنگلہ دیش میں کون سی انوکھی پلاننگ ہو۔ انہوں نے کہا کہ امن، استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل ہو تو ملک ترقی کر لے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ جب ملک ٹھیک ہو رہا تھا تو سمارٹ شخص کو لایا گیا جس سے ملک بے حال ہوگیا۔ احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف حکومت نے 14ماہ میں معیشت ٹھیک کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آبادی کی شرح 2.3 فیصد سے بڑھ کر 2.8 فیصد ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شوگر اور ہیپاٹائٹس اس وقت بڑی بیماریاں ہیں جن کیلئے حکومت نے فنڈز رکھے ہیں۔ احسن اقبال نے کہا کہ لوگ 2 یا 4 ہفتے میں پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی شرطیں لگا رہے تھے، اب دنیا کے ملکی معیشت کے ڈیفالٹ پر نظریات تبدیل ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جو ملک ایٹمی طاقت بن سکتا ہے وہ ہیپاٹائٹس بھی ختم کر سکتا ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ الیکشن کے بعد موقع ملا تو بیماریوں کے خاتمہ کا منصوبہ چلائیں گے۔