ملکی ترقی مقصد، سپہ سالاروں سے ملاقاتیں ذاتی مفاد کیلئے نہیں کیں، شہبازشریف

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے سپہ سالاروں سے ملاقاتیں ذاتی مفاد کیلئے نہیں کیں، ملکی ترقی مقصد ہے، طعنے ملتے ہیں اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہوں لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا، ملنے کا ایک ہی مقصد تھا حکومت، اسٹیبلشمنٹ ملکر ملک کو آگے لےکر جائیں، قوموں کی ترقی و خوشحالی کےلئے بعض اوقات مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔

ماضی میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت ختم نہ کی جاتی تو ملکی ترقی کے منصوبے مکمل ہوچکے ہوتے، موجودہ سپہ سالار ملکی ترقی و عوام کی فلاح و بہبود کےلئے ہروقت سرگرم رہتے ہیں، منصوبہ 9 ماہ کی قلیل مدت میں تمام تر مشکلات کے باوجود مکمل ہوا، بجلی سے چلنے والی بسیں آئیں گی تو ماحولیات کے مسائل پر صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

بارہ کہو بائی پاس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ملک بھر سے آنےوالے سیاحوں کا بھارہ کہو سے گزرنا محال، ٹریفک گھنٹوں جام رہتی تھی، منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک مسائل حل ہوں گے، فیول، وقت کی بچت ہوگی۔ 11، 12 ماہ قبل منصوبے کا افتتاح کیا گیا، کئی چیلنجز سامنے آئے، لوگوں کو راستہ دینا عین عبادت ہے، ماضی میں بھی اسی طرح کا ایک فیصلہ کرتے ہوئے مزار کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیا گیا، اگر وہ نہ کیا جاتا تو جی ٹی روڈ بلاک ہوگئی ہوتی۔

شہباز شریف نے کہا اپنی عادت سے مجبور ہو کر منصوبے کی تکمیل کےلئے 3 ماہ کا وقت دیا لیکن عدالتی امور سمیت دیگر چیلنجز کی وجہ سے تاخیر ہوئی، اب ملک بھر کے سیاح یہاں سے آزاد کشمیر کی طرف جائیں گے، منصوبے کی تکمیل سے وقت، فیول اور دھوئیں کی بچت ہوگی، منصوبہ نوازشریف کا ویژن تھا اور ہے، بدترین سازش کر کے ہٹایا نہ جاتا تومنصوبہ نواز حکومت میں ہی مکمل ہوجاتا، منصوبے کو مکمل کرنے میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر کا بہت اہم کردار ہے، بھرپور تعاون کیا، بڑی کمنٹمنٹ دکھائی۔

وزیراعظم نے کہا سیاست کے دشت میں 38 سال ہوگئے، سپہ سالاروں سے ملاقاتیں رہیں حکومت میں اور اپوزیشن میں بھی، سپہ سالاروں سے ملنے کا ایک ہی مقصد ہوتا تھا ملک ترقی کرے، سیاستدان اور ادارے ملکر ملک کو وہاں لے جائیں جہاں تخلیق کیلئے قربانیاں دینے والے لاکھوں لوگوں کی روح کو تسکین پہنچے، پاکستان کو عظیم بنا کر غربت و بےروزگاری کا خاتمہ کریں۔

شہبازشریف نے کہا یار دوست طعنہ دیتے رہے اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہے لیکن مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا، میں نے ذاتی مفادات لینے ہوتے تو تب تو بات تھی، آپکو مثال دیتا ہوں کیونکہ بات پبلک ہوچکی، سابق صدر پرویز مشرف کے بارے میں کہا جاتا تھا شہبازشریف اسکے قریب ہے لیکن نوازشریف جیل گئے، میں بھی جیل گیا، خاندان جلا وطن ہوا، مجھے کیا ملا، میرے دل میں ایک ہی بات سمائی ہوئی تھی، ہے اور رہے گی زمینی حقائق یہ ہیں غریب قوم کا خیال کرنا ہے، کئی ایسے راز ہیں جو قبر میں لےکر جاو¿ں گا، ملک میں وسائل کی بندربانٹ آپکے سامنے ہے، وقت ہے ملکر پاکستان کو آگے لیکر جائیں، فیصلہ کرلیا ملکر ملک کو آگے لےکر جائیں گے،گھبرانے اور رونے دھونے کی کوئی بات نہیں۔

وزیراعظم نے کہا مشکلات ہیں اور مزید آئیں گی، ہمسایہ ملک بہت آگے نکل چکا ، ملک و قوم کی خوشحالی کیلئے مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں، ایل سیز کھل گئیں اب الیکٹرک بسیں آئیں گی۔ قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے بارہ کہو میں بائی پاس منصوبے کا افتتاح کیا، منصوبہ 6 ارب 25 کروڑ روپے کی لاگت سے 10 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا گیا، 5.4 کلومیٹر طویل بائی پاس اور 1350 میٹر لمبا اوور ہیڈ برج شامل ہے۔ بائی پاس مری، گلیات اور آزاد جموں و کشمیر کے لوگوں کو سہولت فراہم کرےگا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے اسلام آباد میں سرینا چوک انڈرپاس کی تعمیر میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ شہبازشریف سرینا چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے تو سی ڈی اے چیئرمین نے منصوبے پر بریفنگ دی، منصوبے میں تاخیر پر وزیراعظم غصے میں آگئے، چیئرمین سی ڈی اے نے کہا سرینا چوک انڈر پاس ریلوے کمپنی تعمیر کرےگی۔

وزیراعظم نے حیرانی کا اظہار کیا اور سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے، ریلوے حکام کو جھاڑ پلا تے ہوئے کہاوزارتوں کا کام کب سے ہوگیا سڑکیں بنائیں، شہباز شریف نے سنگ بنیاد منسوخ کر دیا، وزیراعظم نے منصوبے کا دوبارہ ٹینڈرز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا نیا ٹینڈر ہو تو اس کی روشنی میں بہترین کمپنی کا انتخاب کیا جائے۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیجیٹل یوتھ پورٹل کا افتتاح کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے ڈیجیٹل یوتھ پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈیجیٹل یوتھ پروگرام کو برق رفتاری سے ملک بھر میں پھیلا رہے ہیں، ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے نوجوانوں کو عالمی معیار کی تعلیمی سہولیات ملیں گی۔ روزگار، تعمیراتی سرگرمیوں اور ماحولیات پر آسان رسائی ملے گی۔

شہبازشریف نے کہا کہ نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرض کی مد میں 5 ارب مختص کئے گئے۔ بچوں، بچیوں کو یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپس فراہم کررہے ہیں، نوجوانوں کو کاروبار کیلئے قرضوں ، لیپ ٹاپ کی تقسیم میرٹ پر کی جا رہی ہے، بجٹ میں طلبہ کیلئے 80 ارب مختص کئے گئے، یوتھ سپورٹ پروگرام کیلئے 5 ارب رکھے، پنجاب انڈوفنڈ سے 4 لاکھ طلبا مستفید ہوئے،ملک کو عظیم تر اور نوجوانوں کو بااختیار بنائیں گے، دوبارہ منتخب ہوئے تو نوجوانوں کےلئے مختص رقم مزید بڑھائیں گے۔

شہباز شریف نے کہا میرا بس چلے تو 5 ارب کی رقم بڑھا کر 500 ارب کردوں،نوجوان پورٹل کے ذریعے اپنے آپ کو رجسٹرڈ کراسکتے ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانے کےلئے تمام تر اقدامات کئے جائیں گے، ملکر ملک کو عظیم بنائیں گے، نوجوانوں سے بھی امید ہے ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

وزارت اطلاعات اور سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے اشتراک سے صحافیوں ، میڈیا ورکرز، فنکاروں کےلئے صحت کارڈ کے اجرا معاہدے پردستخط کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے صحت و تعلیم کی سہولت کو ہر شہری کا بنیادی حق قرار دیتے ہوئے کہا عوام کو صحت کی سہولیات دہلیز پر مہیا کریں گے، غریب آدمی کو علاج کی بہترین سہولت ملنی چاہیے، ہیلتھ انشورنس کارڈ غریب عوام و پسے طبقات کےلئے نوازشریف کا بہت بڑا تحفہ تھا، موجودہ حکومت نے صحافیوں کی فلاح و بہود کےلئے ٹھوس اقدامات کئے۔ صحافیوں، فنکاروں کےلئے صحت کارڈ کا اجرا خوش آئند ہے۔


شہبازشریف نے کہالاہور میں کڈنی و لیور انسٹیٹیوٹ بنایا، جگر اور گردے کی ایک ہزار پیوند کاری ہوچکی، غریب مریضوں کامفت علاج ہوتاہے جبکہ سابق ثروت افراد سے علاج کے اخراجات لئے جاتے ہیں، یہی خدمت خلق و انسانیت کی خدمت کا تقاضا ہے، پی کے ایل آئی کا جو حشر کیا گیا اب مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔

وزیراعظم نے کہا پنجاب کے ہسپتالوں میں اعلیٰ معیار کی ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا اور اربو ں کی ادویات فراہم کی گئیں،ہسپتالوں میں10روپے کی فیس بھی ختم کی گئی لیکن سابق حکومت نے سب کچھ ملیا میٹ کر دیا، غریب آدمی کو علاج کی بہترین سہولیات ملنی چاہئیں، چھوٹی بیماریوں کے ساتھ بڑی بیماریوں کے علاج کو بھی یقینی بنانا چاہئے اسی طرح قائداعظم کے خواب کی تعبیرممکن ہوسکے گی۔

پاکستان کے ماحولیاتی سفر پر پیشرفت اور جائزہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا مستقبل میں موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سے بچنے کیلئے اہم فیصلے کرنا ہوں گے، حالیہ سیلاب سے پاکستان میں فصلوں، مال مویشی ،انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا، پاکستان جیسا ترقی پذیر ملک ایسے نقصانات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

شہبازشریف نے کہا زندگی میں اس سے زیادہ تباہ کن سیلاب نہیں دیکھا، غیرملکی ڈونرز اور دوستوں نے مشکل گھڑی میں بھرپور مدد کی، حکومت نے متعلقہ فریقوں کےساتھ ملکر ٹیم ورک سے کام کیا،سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے اربوں خرچ کئے تاہم ابھی تک بحالی کا عمل جاری ہے۔


وزیراعظم نے کہا پاکستان کا کاربن کے اخراج میں حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، شرم الشیخ میں کانفرنس کے دوران بہترین سفارتکاری کے باعث لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ قائم کرنے کی منظوری دی گئی، پاکستان جیسے ممالک جن کا کاربن کے اخراج میں حصہ بہت کم ہے ان کا کیا قصور ہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث بڑے بحرانوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کئی سال اثرات بھگتنا پڑتے ہیں،چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قرضے لینا پڑتے ہیں، شیطانی چکر سے نکلنے کی ضرورت ہے،موسمیاتی تبدیلی کےخلاف پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک کا ساتھ دینے کی ضرورت ہے، موت کے پھندے سے نکلنا ہوگا۔

علاوہ ازیں اپنی ٹوئٹس میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہاملکی تاریخ کے تباہ کن سیلاب کو ایک سال گزر چکا ،ایک تہائی پاکستان زیرآب آ یا اورلاکھوں ایکڑ پر محیط کھڑی فصلوں سمیت بنیادی ڈھانچے،معیشت کو مجموعی طور پر 30ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچا، شراکت داروں اور دوستوں کےساتھ ملکر ماحولیاتی تبدیلی سے تحفظ کے سفر میں کامیابی کو یقینی بنائیں گے۔

شہبازشریف نے کہا جدید ترین ملجم کلاس جنگی جہاز کی پاک بحریہ کے بیڑے میں شمولیت دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی جانب بڑا قدم ہے،ملجم پراجیکٹ سے پاکستان ،ترکیہ کے درمیان نئے راستے کھلے ،منصوبہ دوستی کی پائیدار علامت ثابت ہو گا۔

وزیراعظم نے کہاپاکستان کی مالیاتی و صنعتی بنیاد میں ترقی سے سمندری تجارتی سرگرمیاں کئی گنا بڑھنے والی ہیں ،بحری شعبے میں توسیع کےلئے اضافی صلاحیت کی ضرورت پیدا ہو گی،پاکستان کراچی سے گوادر تک سمندری انفراسٹرکچر کی ترقی کےلئے پرعزم ہے تاکہ خطے میں مستقبل کے تجارتی و ٹرانس شپمنٹ کے مرکز کے طور پر خود کو تیار کیا جا سکے،ملجم کلاس سکیورٹی ضروریات کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

جبکہ اپنے بیان میںوزیراعظم شہباز شریف نے سی پیک کی تکمیل کے 10 سال مکمل ہونے پر پاکستان کی حمایت میں بیان پر چینی صدر کاشکریہ ادا کیا،وزیراعظم نے کہا پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود اور سی پیک
کو مثالی منصوبہ بنانا عزم کا عکاس ہے،سماجی و اقتصادی ترقی کے میدان میں سی پیک نے 10سال میں اہم سنگ میل طے کیے،پاک چین سٹریٹجک تعاون کے فروغ کےلئے چینی صدر کی کاوشوں کا جتنا شکریہ ادا کیا جائے کم ہے،شہبازشریف نے کہاسی پیک کے دوسرے دور کی کامیابی کےلئے مزید جوش و جذبے سے کام کرنے کےلئے پرعزم ہوں۔