بلاول کو فون،پاکستان کےساتھ تعاون جاری رکھیں گے،امریکی وزیر خارجہ

واشنگٹن،اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کا فون ،پاکستانی معیشت اور افغان امور پر تبادلہ خیال ،پاک امریکہ تعلقات کی موجودہ مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیاگیا۔

ترجمان امریکی دفتر خارجہ کے مطابق انٹونی بلنکن نے پاکستانی وزیر خارجہ سے گفتگو میں پاک امریکہ تعلقات میں تعمیری شراکت داری قائم رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انٹونی بلنکن نے کہاپاکستانی عوام دہشتگردی سے شدید متاثر ہوئے ، انسداد دہشت گردی کےلئے پاکستان کےساتھ تعاون جاری رکھیں گے۔

ترجمان امریکی دفتر خارجہ نے مزید کہادونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے روس کی یوکرین کےخلاف جنگ کے اثرات سمیت پرامن و مستحکم افغانستان پر تبادلہ خیال کیا۔

بعدازاں سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انٹونی بلنکن نے کہا بلاول بھٹو سے گفتگو مثبت رہی،پاکستانی معیشت کی بحالی اور علاقائی بالخصوص افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا، امریکہ پاکستان سے مثبت، جمہوری اور تعمیری تعلقات کی حمایت کرتا ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہاوزیر خارجہ نے زور دیا پاکستان امریکہ کےساتھ دیرینہ ،وسیع البنیاد تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور شراکت داری کو مزید گہرا کرنے کا خواہاں ہے۔


بلاول بھٹو نے کہاایک سال کے دوران 6مذاکرات کے علاوہ اعلیٰ سطح کے دوروں کے تبادلے نے تعلقات کو متنوع بنانے میں مدد دے کر مستحکم کیا ۔

وزیر خارجہ نے اقتصادی و تجارتی تعلقات سے منسلک ترجیح سمیت موسمیاتی تبدیلی ،گرین انرجی پر تعاون کو آگے بڑھانے میں پاکستان کی خصوصی دلچسپی پر زور دیا،بلاول بھٹو نے امریکی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاکستان ،آئی ایم ایف کے درمیان سٹینڈ بائی ارینجمنٹ پاکستان کی اقتصادی ،ترقیاتی ضروریات کو تقویت فراہم کرے گا ،پاکستان اپنی معیشت میں ڈھانچہ جاتی اصلاحات لانے کےلئے پرعزم ہے تاکہ کاروبار و غیر ملکی سرمایہ کاری کےلئے مزید مسابقتی و پرکشش بنایا جاسکے۔

ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و سلامتی ،ترقی کے فروغ کےلئے پاکستان ،امریکہ کے درمیان تعمیری روابط کی اہمیت پر زور دیا،دہشتگردی کے خطرے سمیت علاقائی سلامتی کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کےلئے قریبی تعاون جاری رکھنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیر خارجہ نے بلیک سی گرین انیشی ایٹو کی اہمیت کو خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے نقطہ نظر ،غذائی تحفظ اور افراط زر پر خدشات کا اظہار کیا اور معاہدے کو جلد از جلد بحال کرنے کےلئے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے زور دیا جمہوری اصول ،قانون کی حکمرانی کا احترام پاکستان ،امریکہ کے تعلقات میں مرکزی حیثیت رکھتے ہیں اور اقدار شراکت داری کو آگے بڑھانے میں رہنمائی کرتی رہیں گی۔

دریں اثنا اپنی ٹوئٹ میںوزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا آئی ایم ایف کے سٹینڈ بائی معاہدے کےلئے امریکی حمایت پر مشکور ہیں،امریکی سیکرٹری سٹیٹ انٹونی بلنکن کی جانب سے ٹیلیفونک کال موصول ہوئی،پاک امریکہ تعلقات میں موجودہ رفتار پر باہمی اطمینان تعلقات، دونوں ممالک کے درمیان تعمیری روابط، خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے فروغ کےلئے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں،آئی ایم ایف معاہدہ اقتصادی و ترقیاتی مقاصد کو تقویت فراہم کرے گا۔

وزیر خارجہ نے کہا علاقائی سلامتی کی صورتحال، دہشتگردی خطرے کے معروضی جائزہ کی ضرورت اور افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کےلئے مسلسل تعاون کی ناگزیر بات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید برآںوزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ کو ٹیلی فون کیا،وزیر خارجہ نے یورپی ممالک میں بے حرمتی واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہاپاکستان اسلامو فوبیا کی قابل مذمت لہر کو روکنے کےلئے او آئی سی کے تمام اقدامات میں فعال طور پر حصہ لینے کےلئے تیار ہے۔

بلاول بھٹو نے معاملے پر ہنگامی وزارتی اجلاس کے انعقاد کےلئے او آئی سی کے فیصلے کا خیر مقدم کیا اور سیکرٹری جنرل کو ایران، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ کےساتھ ہونے والے ٹیلی فونک رابطے سے آگاہ کیا۔

او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے اسلامو فوبیا سے نمٹنے اور انسداد کےلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔