جلوسوں اور ذوالجناح کے روٹس پر لٹکتی تاروں کوفوری ختم کرایا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (چوہدری اشرف سے) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا چیچہ وطنی شہر کا تفصیلی دورہ،شہر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ، چیچہ وطنی تاشیخ فاضل زیر تعمیر دورویہ سڑک کے ساہیوال میں واقع 24.15کلو میٹر حصہ کو ترجیحی بنیادوں پرتعمیر کیا جائے اور کام کی کوالٹی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے چیچہ وطنی کا تفصیلی دورہ کیا اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا۔ ایکسین ہائی وے ندیم ارشد بھی ان کے ہمراہ تھے جنہوں نے چیچہ وطنی تا شیخ فاضل دورویہ سڑک کی تعمیر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے کہا کہ چیچہ وطنی تا شیخ فاضل مصروف ترین شاہراہ کے ضلع ساہیوال میں واقع 24.15کلو میٹر حصہ کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو ٹریفک کے حوالے سے درپیش مشکلات سے چھٹکارہ مل سکے۔ انہوں نے ہڑپہ بائی پاس روڈ پر جاری کام کا بھی معائنہ کیا اور کہا کہ کام کے معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ بعدازاں انہوں نے صدر بازار، اوکانوالہ روڈ، بلاک نمبر 4 اور محلہ بلال گنج کی امام بارگاہوں کا بھی دورہ کیا اور سیکورٹی اور زائرین کو فراہم کردہ دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر چیچہ وطنی سردار مہتاب بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے اے سی چیچہ وطنی کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور ذوالجناح کے روٹس پر بجلی اور پی ٹی سی ایل کی لٹکتی تاروں کوفوری ختم کروایا جائے۔انہوں نے چیچہ وطنی شہر کی خوبصورتی میں اضافے کےلئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر محکمہ ہائی وے کی جانب سے زیر تعمیر گیٹس کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے پرانی چیچہ وطنی کے مقام پر دریائے راوی کا بھی دورہ کیا اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کےلئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر دریا کے اردگرد آبادیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے اور تمام حفاظتی اقدامات مکمل رکھے جائیں تاکہ کسی ناگہانی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ انہوں نے ایل بی ڈی سی نہر میں پانی کے اوور فلو کی وجہ سے 137نو ایل کے قریب نہر کا بند ٹوٹنے کی سائٹ کا بھی دورہ کیا اور بند باندھنے کےلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا چک نمبر135/9Lکا دورہ، ذوالجناح کے روٹ کا جائزہ لیا، چیف آفیسر ضلع کونسل کو تمام روٹ فوری کلیئر کرنے کی ہدایت۔ اپنے دفتر میں میونسپل کارپوریشن اور پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے میونسپل کارپوریشن اور ضلع کونسل کے چیف افسران کو ہدایت کی کہ ذوالجناح کے تمام روٹس کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لےکر حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر اظہر نبی دیوان، ڈی جی پی ایچ اے ڈاکٹر شاہ زیب، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن اشفاق احمد، چیف آفیسر ضلع کونسل نواز احمد، اے سی جنرل علیزہ ریحان اور پسپ کے سٹی منیجر اسجد خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ انہوں نے فتح شیر روڈ پر جاری ڈرین کی تعمیر کے کام کو بھی تیز کرنے کی ہدایت کی تاکہ مکینوں کو درپیش مشکلات کم ہو سکیں۔ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر نے فرنیچر بازار اور کربلا روڈ پر جاری پانی کے پائپ ڈالنے کے کام کو فوری مکمل کرنے اور دونوں سڑکوں کی مکمل بحالی کی ہدایت کی تاکہ عاشورہ کے جلوس کا تمام راستہ کلیئر ہو۔ سٹی منیجر پسپ اسجد خان نے بتایا کہ اب تک شہر میں پانی کے 28527 کنکشن گھروں تک پہنچائے جا چکے ہیں جبکہ کل ہدف 43130 کنکشن کا ہے جسے ٹائم فریم میں ہی پورا کر لیا جائےگا۔