دریائے راوی سے سیلاب کا خطرہ ٹل گیا، پانی کے بہاومیں نمایاں کمی

لاہور(مشرق نیوز) بھارت میں شدید تباہی مچانے والے دریائے راوی سے پاکستان میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا، دریا میں پانی کی سطح معمول پر آنا شروع ہوگئی، شاہدرہ کے مقام پر پانی کے بہاو میں نمایاں کمی آگئی۔ بھارت میں ستلج اور دریائے بیاس کے ساتھ ساتھ راوی نے بھی شدید تباہی مچائی، تینوں دریاوں کے بپھرنے کے باعث تین بھارتی ریاستوں اتراکھنڈ، ہِماچل پردیش اور بھارتی پنجاب کو شدید ترین سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جس میں دریائے راوی کا بھی نمایاں حصہ شامل ہے۔ خوش قسمتی سے سرحد کے اِس پار راوی میں سیلاب کا خطرہ ٹل گیا ہے اور بیشتر مقامات پر دریا معمول کے مطابق بہہ رہا ہے، شاہدرہ کے مقام پر پانی کا بہاو 20 ہزار اور ہیڈ بلوکی کے مقام پر 41 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ ادھر دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، ملک کے دیگر تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔