لاہور (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ پروگرام ہمارے لئے حلوہ نہیں بلکہ بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے لاہور میں یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون سکیم کی تقریب سے خطاب بھی کیا۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی گئیں، روپے کی قدر میں استحکام کا ریلیف عوام کو دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف سازشوں کو دفن کر دیا گیا ہے، چند دن قبل پاکستان کے خلاف اسرائیل کا بیان آیا تھا، اللہ تعالیٰ نے تمام سازشوں کو نیست و نابود کر دیا۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ملک کی قسمت کیلئے یکسو ہو جائیں تو کوئی راستہ نہیں روک سکتا، بی آر ٹی، مالم جبہ، چینی سکینڈل اور 190 ملین پاونڈ سکینڈل ہمارے زمانے میں تو نہیں ہوا۔ شہباز شریف نے کہا کہ جس کو بھی آپ عوام آگے لائیں گے ہم تسلیم کریں گے، نواز شریف کو اگر موقع دیا تو وعدہ ہے کہ پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی طرف لےکر جائیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک بھی سفارش پر اگر کسی کو لیپ ٹاپ ملا تو قوم سے معافی مانگوں گا، ہر وقت قوم کو دھوکا دینے اور الزامات لگانے سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں سکتی۔
ملک کے خلاف سازشوں کو دفن کر دیا گیا ہے: وزیراعظم شہبازشریف



















