سانحہ 9مئی، پنجاب حکومت کا ہائی پروفائل کیسز میں ضمانتیں منسوخ کرانے کا فیصلہ

لاہور (خبر نگار،کرائم رپورٹر) نگران پنجاب حکومت نے ہائی پروفائل کیسز میں ضمانتیں منسوخ کرانے کا فیصلہ کرلیا،نگراں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں 9مئی واقعات میں ملوث افراد کےخلاف کارروائیوں میں پیشرفت کا جائزہ اور ملزموں کی ضمانتیں منسوخ کرانے کےلئے اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے سانحہ 9مئی میں ملوث 171افراد کی شناخت نہ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے شناخت کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے اور مفرور مرکزی شرپسندوں کو جلد قانون کی گرفت میں لانے کا حکم دیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کیسز کو پیشہ وارانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے، مفرور شرپسندوں کا تعاقب جاری رکھا جائے۔

دریں اثنانگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے وزیراعلیٰ آفس میں معروف انٹرنیشنل ٹیکسٹائل برانڈ پریمارک کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی ،ٹیکسٹائل ایکسپورٹ بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا پنجاب میں انڈسٹری کو مناسب نرخ پر بجلی کی فراہمی کیلئے پلاننگ کی جارہی ہے ،تمام ادارے صنعت و تجارت کے فروغ کیلئے ایک پیج پر ہیں، پنجاب میں ایکسپورٹ بڑھانے کیلئے انڈسٹری کو تمام تر سہولتیں مہیا کریں گے،پریمارک کے وفد کا پنجاب آمد پر خیرمقدم کرتے ہیں۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بارش کے دوران لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا،محسن نقوی نے شہر میں نکاسی آب کے کام پر اطمینان کا اظہار کیا،نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا نکاسی آب کیلئے انتظامیہ اور واسا متحرک ہیں،متعلقہ ٹیم فیلڈ میں موجود اور پوری طرح مستعد ہے۔