اسلام آباد(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم کے گرد گھیراتنگ،پولیس نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو ملزم نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا،ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو زیر تفتیش ملزموں کے بیانات کی روشنی میں ملزم نامزد کیا جائے گا، چیئرمین پی ٹی آئی پر حملوں کی منصوبہ بندی، کارکنوں کو اکسانے اور اشتعال دلانے کا الزام عائد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی نامزدگی کا فیصلہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا، جی ایچ کیو گیٹ اور عمارات پر حملے کے مقدمات تھانہ آر اے بازار ،نیوٹاون میں درج ہیں،ذرائع کے مطابق دفاعی وحساس تنصیبات پر حملوں کے مقدمات میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی مزید دفعات بھی شامل کی جائیں گی۔
دوسری جانب توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس جمعرات کو سماعت کیلئے مقرر کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلبی کا نوٹس جاری کر دیاگیا،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کو پیش ہونے کا حکم دےدیا، عدالتی نوٹس میں کہا گیا چیئرمین پی ٹی آئی صبح ساڑھے 8 بجے پیش ہوں۔
عدالت کی جانب سے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اور وکلا کو بھی نوٹس جاری کر دیئے گئے، عدالت نے ہائیکورٹ فیصلے کے بعد کیس سماعت کیلئے مقرر کیا۔
جی ایچ کیو حملہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو ملزم نامزد کرنے کا فیصلہ،توشہ خانہ فوجداری مقدمہ سماعت کےلئے مقرر



















