لاہور (اپنے رپورٹر سے) ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائٹ لیفٹیننٹ (ر) عمران قریشی نے کہا ہے کہ 9 جولائی سے دریائے جہلم ، چناب اور راوی سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاومیں نمایاں اضافہ ہونے کا امکان ہے اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے سے دریائے ستلج میں پانی کا بہاو¿ بڑھ سکتا ہے جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے جاری کردہ الرٹ کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک وقفے وقفے سے جاری رہےگا جبکہ آج اور کل کے دوران لاہور، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد ، جہلم، اٹک، چکوال، میانوالی ، گوجرانوالہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولنگر، نارووال، سیالکوٹ، گجرات، منڈی بہاﺅالدین، حافظ آباد، ملتان، ڈی جی خان، بھکر، لیہ اور تونسہ میں آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، جہلم، اٹک، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور منڈی بہاﺅالدین میں موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ 6 سے 8 جولائی کے دوران ڈیرہ غازیخان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کا امکان ہے جبکہ آج سے 7 جولائی کے دوران لاہور ، اسلام آباد، راولپنڈی اور گوجرانوالہ کے نشیبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث اربن فلڈنگ کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ اسی دوران مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود رہےگا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سمیت پنجاب بھر کی انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں اور ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کیلئے تیار رہیں۔ ضلعی انتظامیہ ، واسا ، میونسپل کمیٹیز اور محکمہ ایریگیشن سمیت دیگر ادارے مشینری اور عملہ کو ہمہ وقت تیار رکھیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دریاو¿ں کے قریب آبادیوں میں بسنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور پانی کی گزرگاہوں سے ناجائز تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز سمیت دیگر ادارے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی رپورٹنگ کو بروقت یقینی بنائیں تاکہ فوری ریسکیو کارروائیوں کا آغاز کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ مسافر حضرات موسمی صورتحال سے آگاہ رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تیز آندھی اور بارشوں کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچ سکتا ہے، نقصانات سے بچنے کیلئے شہری حکومت کی جانب سے جاری کردہ حفاظتی تدابیر پر من و عن عمل کریں۔
بھارت کی جانب سے پانی کی آمد، دریائے ستلج میں بہاﺅ بڑھ سکتا ہے: ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے



















