سپریم کورٹ کے ججوں کی تنخواہوں میں اضافے کا آرڈر جاری

اسلام آباد (مشرق نیوز) قائم مقام صدر صادق سنجرانی نے سپریم کورٹ کے ججوں کی تنخواہوں میں اضافے کا آرڈر جاری کر دیا۔ صادق سنجرانی نے ججوں کی تنخواہوں کا آرڈر 2023 جاری کیا۔ صدارتی آرڈر 2023 کے تحت چیف جسٹس کی تنخواہ میں 2 لاکھ 4 ہزار 885 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ سپریم کورٹ کے دیگر ججوں کی تنخواہ میں ایک لاکھ 93 ہزار 527 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ آرڈر کے بعد چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ 12 لاکھ 29 ہزار 189 روپے ماہانہ ہو گئی جبکہ سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ 11 لاکھ 61 ہزار 163 روپے ماہانہ ہو گئی۔ 2022 کے آرڈر کے مطابق چیف جسٹس کی تنخواہ 10 لاکھ 24 ہزار 324 روپے تھی جبکہ جج کی تنخواہ 9 لاکھ 67 ہزار 636 روپے تھی۔ دوسری طرف ججوں کی تنخواہوں سے متعلق صدارتی آرڈر پر وزارت قانون و انصاف نے وضاحت کر دی۔ وزارت قانون و انصاف کا کہنا ہے کہ ججوں کی بنیادی تنخواہ میں 20 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔