ڈی آئی خان، سکیورٹی فورسز پر حملہ، جوابی کارروائی، 3 شر پسند ہلاک

ڈیرہ اسماعیل خان (مشرق نیوز) ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے رانا زئی میں سرچ آپریشن کے دوران شر پسندوں نے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی، جوابی کارروائی میں 3 شر پسند مارے گئے۔ پولیس کے مطابق تحصیل کلاچی کے محلہ رانا زئی میں سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران شر پسندوں کی طرف سے سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کی گئی۔ اس حملے کے بعد دونوں اطراف سے فائرنگ کا تبادلہ دیر تک جاری رہا اور مقابلے میں 3 شر پسند ہلاک ہو گئے۔ اس مقابلے میں سکیورٹی فورسز کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور سرچ آپریشن کا دائرہ بڑھا دیا گیا۔