لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے سپر ٹیکس کے نفاذ کو درست قرار دےدیااور شرح 10کی بجائے4فیصد مقرر کردی۔
جسٹس جواد حسن نے 30صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا300ملین سے زائد آمدن والی بڑی کمپنیوں پر سپر ٹیکس کا نفاذ درست ہے، قانون کے تحت سپر ٹیکس 4 فیصد سے زائد لاگو نہیں ہو سکتا،سپر ٹیکس اضافی ٹیکس ہے جو صرف کم ازکم ایک فیصد اور زیادہ سے زیادہ 4فیصد تک لاگو ہو سکتا ہے۔
تحریری فیصلے میں کہا گیا پاکستان کو 30جون سے پہلے ٹیکس ریکوری کرنا لازم تھا اسی لئے عدالت نے فیصلہ سنایا، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تمام کمپنیاں 4 فیصد سپر ٹیکس جمع کرا چکی ہیں۔
عدالت نے کہا عدالتی فیصلے سے 16سیکٹرز میں موجود بڑی کمپنیوں کو مزید ٹیکس نہیں دینا پڑے گا، ماضی میں بھی 3 یا 4فیصد سے زیادہ سپر ٹیکس لگانے کی مثال نہیں ملتی، بڑی کمپنیوں اور 16سیکٹرز میں موجود کمپنیوں میں تفریق درست نہیں ، سپر ٹیکس میں 6فیصد کمی سے 16سیکٹرز میں موجود کمپنیوں کو فائدہ ہو گا،فیصلے میں مزید کہا گیا مشروب ساز کمپنیاں، سیمنٹ، آئرن، ایل این جی اور پٹرولیم و گیس کمپنیوں کو بھی فائدہ پہنچے گا۔
لاہور ہائیکورٹ نے سپرٹیکس کو درست قراردےدیا،شرح 10کی بجائے 4فیصد مقرر



















