وزارت مذہبی امور کا عازمین حج کی سہولت کیلئے منیٰ میں مرکزی کنٹرول سنٹر قائم
اسلام آباد(مشرق نیوز) ) حکومت پاکستان کی وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کی مدد اور سہولت کےلئے منیٰ میں مرکزی کنٹرول آفس قائم کر دیا ہے۔ ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق کنٹرول روم میں معلومات اور رابطے کو یقینی بنانے کیلئے ایک انفارمیشن سیل قائم کیا گیا ہے ، اسکے علاوہ گمشدہ حاجیوں یا گمشدہ سامان کی تلاش میں مدد کےلئے ایک خصوصی سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔ نجی طور پر حج کےلئے جانےوالے عازمین کے کسی بھی ممکنہ مسائل کی کڑی نگرانی اور ان کے حل کیلئے ایک علاحدہ مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے۔ مختلف دیگر خصوصی یونٹس، جیسے کہ وہیل چیئر ڈیسک وغیرہ حاجیوں کی سہولت کیلئے قائم کئے گئے ہیں ، ان سہولیات کی فراہمی کا مقصد قیام حج کے انتظامات کو بہتر بنانا ہے۔ واضح رہے کہ مناسک حج کا آغاز آج سے ہورہاہے اور عازمینِ حج آج نماز ظہر سے پہلے منیٰ پہنچیں گے ، منیٰ میں عازمین کیلئے خیموں کی بستی بسا دی گئی، عازمین رات منیٰ میں ہی قیام کریں گے۔ منگل کو نماز فجر کی ادائیگی کے بعد عازمین حج مِنیٰ سے میدان عرفات روانہ ہوں گے جبکہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ منگل کو ادا کیا جائےگا۔



















