معیشت تباہ،صنعتیں بند، آئی ایم ایف کو اسحاق ڈار پر اعتماد نہیں،فوری مستعفی ہوجائیں،قریشی

ملتان(بیورورپورٹ)وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے کہا ہے آئی ایم ایف کو اسحاق ڈار پر اعتماد نہیں،فوری مستعفی ہوجائیں،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا بجٹ میں215 ارب کے مزید ٹیکسز لگا دئیے گئے ، قوم پہلے ہی مہنگائی میں پس رہی ہے،قوم کے سامنے پیش کیا گیا بجٹ کچھ اور ہے اور منظور کرایا جانے والا بجٹ کچھ اور ہو گا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا ٹیکسٹائل صنعتیں تقریباً 40 فیصد بند ،مزید بند ہو رہی ہیں، انڈسٹریز بحران کی کیفیت میں ہیں ،لارج سکیل مینوفیکچرنگ کی پروڈکشن متاثر ہو رہی ہے،شاہ محمود قریشی نے کہا ٹیکسٹائل و زراعت کا برا حال ہے، معیشت سکڑ رہی ہے ،حکمران جو بات کر رہے ہیں وہ حقیقت پر مبنی نہیں، حکمراں حقائق پر پردہ نہیں ڈال سکتے،اسحاق ڈار سے گزارش ہے کسی اور کو وزارت خزانہ کی ذمے داری دے دیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا وزیر خارجہ نے امریکی صدر اور بھارتی وزیر اعظم کے اعلامیے پر تبصرہ نہیں کیا، امریکی صدر اور بھارتی وزیر اعظم کی ملاقات کے اعلامیے میں کشمیریوں کی پامالی کا ذکر تک نہیں، بھارت میں اقلیتوں کےساتھ سلوک پر کوئی تبصرہ ہی نہیں۔