اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ مانتے ہیں مہنگائی ہے، اس کیلئے کام کر رہے ہیں، 75 سال میں پہلی بار روسی تیل کا جہاز پاکستان آیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ ہمارے دوستوں نے کہا روس سے پٹرول نہیں آئےگا، دوستوں نے کہا ہماری حکومت روس جانے کی وجہ سے گئی، جو آپ نہ کر سکے وہ ہم نے کر دکھایا، ریفائنری پالیسی تسلیم کی ہے۔ مصدق ملک کا کہنا ہے کہ سائفر کے ڈرامے کے بعد امریکہ کے آگے گڑ گڑانے تک کا سفر عوام نے دیکھ لیا، روس سے درآمد شدہ تیل سے جلد عوام مستفید ہوں گے۔ وزیر مملکت پیٹرولیم نے کہا کہ دوستوں نے کہا کہ امریکہ نے روس سے تیل لانے پر ہماری حکومت ختم کرائی، امریکہ ہمارے خلاف سازش کر رہا ہے، پرانی ریفائنریز کو اپ ڈیٹ کرنے کی سمری کابینہ کے پاس موجود ہے، آذربائیجان ہر ماہ پاکستان کو ایل این جی کا ایک کارگو فراہم کرےگا۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری پالیسی کا محور پاکستان کی ترقی ہے، ہر روز پوچھتے تھے کہاں ہے تمہارا تیل کا جہاز، ہم ترکمانستان سے گیس پاکستان لانا چاہتے ہیں، یورپی ممالک کو دعوت دی ہے کہ پاکستان میں ایل این جی کے کارخانے لگائیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ ملکی گیس کے گردشی قرضے کو صفر کر دیا ہے، ایک لاکھ ٹن روسی خام تیل '’یورول‘ خریدا ہے، سیمپل کی ٹیسٹنگ ہو چکی ہے۔
مانتے ہیں مہنگائی ہے، اس کیلئے کام کر رہے ہیں: مصدق ملک



















