لاہور(نمائندہ خصوصی،سٹاف رپورٹر،اپنے رپورٹر سے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے IMFسے معاہدہ نہ ہوا تو قوم کو اعتماد میں لیں گے ،9مئی کے ملزمان کو ایسی سزا ملے گی دوبارہ کوئی ایسی جرات نہیں کرسکے گا،لاہور میں سبزہ زار سپورٹس کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا بڑے چیلنجز کے باوجود بجٹ میں عوام کو ہر ممکن ریلیف پہنچایا، ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط خلوص کے ساتھ پوری کردی ہیں، پوری امید ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ اسی ماہ ہوجائے گا،وزیراعظم نے کہا پی ٹی آئی نے اقتدار میں آکر سارے منصوبے ٹھپ کردیے اور پاکستان میں ترقی کی رفتار کو کم کیا، صاف پانی اور لاہور میں گندگی اٹھانے کے منصوبوں پر مجھے نیب میں دھکے لگوائے گئے،وزیراعظم شہباز شریف نے کہا 9مئی کا واقعہ دشمن کی دشمنی سے کم نہیں تھا، ملک میں بڑے بڑے واقعات ہوئے لیکن کبھی کسی نے فوجی تنصیبات اور قائد اعظم کے گھر پر حملہ نہیں کیا، دشمن بھی یہ کام 75سال میں نہیں کرسکا جو پی ٹی آئی نے کیا، 9مئی کے ملزمان کو ایسی سزا ملے گی کہ رہتی دنیا تک دوبارہ کوئی ایسی جرات نہ کرسکے،شہباز شریف نے کہا دو ہفتے دن رات عوام کو بجٹ میں ریلیف دینے کیلئے کام کیا، میرے اوپر بڑا بوجھ تھا کس طرح غریب آدمی کی تنخواہ بڑھاو¿ں کیونکہ اس وقت تو 50ہزار روپے میں بھی گزارہ نہیں ہے، تمام مشکلات کے باوجود ہم نے کم ازکم تنخواہ کو 25ہزار سے بڑھاکر 32ہزار روپے اور تنخواہوں و پنشن میں اضافہ کیا،وزیراعظم نے کہا اپریل 2022میں جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو گزشتہ حکومت نے آئی ایم سے معاہدہ توڑ دیا تھا اور دنیا میں مہنگائی کا عروج تھا، یوکرین اور روس کی جنگ شروع ہوئی تھی اور تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کا ملک کو سامنا کرنا پڑا، یہ وہ بڑے بڑے مسائل اور چیلنجز تھے جن کا ہمیں سامنا رہا،شہباز شریف نے کہا جب گیس کی عالمی سطح پر کم تھیں تب گزشتہ حکومت نے یہ نہیں سوچا کہ وہ گیس کے معاہدے کرلیتے تو آج پاکستان کی معیشت کا یہ حال نہ ہوتا لیکن انکی ساری توجہ مخالفین کو جیلوں میں بھجوانے پر مرکوز تھی۔
آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہوا تو قوم کو اعتماد میں لیں گے:شہباز شریف



















