بینچ کا ایک رکن بیمار، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیخلاف سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی
اسلام آباد (مشرق نیوز) بینچ کے ایک رکن کے بیمار ہونے پر سپریم کورٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کےخلاف درخواستوں پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔ سپریم کورٹ آف پاکستان میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر آج سماعت کیلئے کمرہ¿ عدالت میں ججوں کیلئے 7 کرسیاں لگائی گئی تھیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بینچ کے رکن جسٹس شاہد وحید کی طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے آج سماعت نہیں ہوئی۔ جسٹس شاہد وحید کی بیمار اور کیس کے التوا کے حوالے سے عدالتی عملے کے ذریعے میڈیا کو آگاہ کیا گیا۔ عدالتی پیغام میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ ریویو اور پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں مماثلت سے متعلق جواب کیلئے وقت مانگا ہے، بجٹ کے باعث اٹارنی جنرل جلد جواب جمع نہیں کرا سکتے، ججوں نے کمرہ¿ عدالت سے ملحقہ کمرے میں وکلا کو بلا کر اس حوالے سے آگاہ کر دیا۔ عدالتی پیغام کے مطابق سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجرل بل پر سماعت بجٹ کے بعد حکومتی جواب پر ممکن ہو سکے گی۔



















