اسلام آباد (بیورورپورٹ) چیف جسٹس نے کہا ہے عدالتی دروازے پر احتجاج انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے، 14مئی کے فیصلے پر عملدرآمد ممکن نہیں مگر تاریخ کاحصہ رہےگا، پنجاب میں انتخابات کے عدالتی حکم پر الیکشن کمیشن کی نظر ثانی اور سپریم کورٹ ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ کےخلاف دائر درخواستوں پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے ایک ساتھ سماعت کی۔
سماعت کا آغاز ہوا تو چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا ہمارے پاس کچھ درخواستیں آئی ہیں، ریویو ایکٹ کا معاملہ کسی سٹیج پر دیکھنا ہی ہے، اٹارنی جنرل کو نوٹس کر دیتے ہیں، ریویو ایکٹ پر نوٹس کے بعد انتخابات کیس ایکٹ کے تحت بنچ سنے گا، علی ظفر صاحب آپ بھی ریویو ایکٹ پر اپنا نقطہ نظر بتادیں۔
تحریک انصاف کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا سپریم کورٹ ریویو ایکٹ آئین کےخلاف ہے، پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں بھی یہی معاملہ اٹھایا گیا تھا، سپریم کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر حکم امتناع دے رکھا ہے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کا حکم امتناع ریویو ایکٹ پربھی لاگو ہوتا ہے، سپریم کورٹ پنجاب انتخابات نظرثانی کیس کو سن سکتی ہے، سپریم کورٹ ریویوایکٹ حکم امتناع کی وجہ سے اس عدالت پر ابھی لاگو نہیں ہوتا، عدالت انتخابات نظرثانی کا فیصلہ ریویو ایکٹ کے فیصلے تک روک سکتی ہے، انتخابات نظرثانی کیس میں دلائل تقریباً مکمل ہوچکے، اب کیس مکمل کر لینا چاہیے۔
جسٹس منیب اختر نے کہا اگر ریویو ایکٹ لاگو ہوتا ہے تو الیکشن کمیشن کے وکیل کو لارجر بنچ میں دوبارہ سے دلائل دینا ہوں گے، عدالت کیسے پنجاب انتخابات کیس سنے اگر سپریم کورٹ ریویو ایکٹ نافذ ہوچکا ہے؟ بتائیں کیسے ہم پر سپریم کورٹ ریویو ایکٹ پنجاب انتخابات نظرثانی کیس میں لاگو نہیں ہوتا؟۔
چیف جسٹس نے کہاسب چاہتے ہیں پنجاب انتخابات نظرثانی کیس کا فیصلہ ہو، الیکشن کمیشن کے وکیل نے یہ دلیل دی ان کے پاس وسیع تر اختیارات ہیں، اپیل کی بھی کچھ حدود ہوتی ہیں، پنجاب انتخابات نظرثانی کیس نیا نہیں، اس پر پہلے بحث ہو چکی، الیکشن کمیشن کے وکیل کے دلائل نظرثانی کا دائرہ کار بڑھانے پر تھے، انتخابات نظرثانی کیس لارجر بنچ میں جاتا ہے تو الیکشن کمیشن کے وکیل دلائل وہیں سے شروع کرسکتے ہیں،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے انتخابات کا معاملہ قومی مسئلہ ہے، 14 مئی کے فیصلے پر عمل درآمد ممکن نہیں مگر یہ فیصلہ تاریخ بن چکا، عدالتی فیصلہ تاریخ میں رہے گا 90 روز میں انتخابات لازمی ہیں، دیکھنا تو یہ تھا کیا انتخابات کے لیے 90 روز بڑھائے جاسکتے ہیں، کیا 9 مئی کے واقعات کے بعد حالات وہ ہیں جو آئین میں انتخابات میں التوا کے لیے درج ہیں؟ ،ہر چیز تشدد اور زور زبردستی سے نہیں ہوسکتی۔
پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرعلی ظفر نے پنجاب انتخابات نظرثانی کیس کا فیصلہ کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا جو بھی حالات یا دلائل ہوں عدالت پنجاب انتخابات نظرثانی کیس کا فیصلہ جلد کرے، 15 مئی کی رات مجھے لگا آئین کا انتقال ہو گیا، 15مئی کو انتخابات کی معینہ مدت اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی توہین ہوئی، ہر دن مجھے محسوس ہوتا ہے آئین کا قتل ہو چکا، وزیراعظم، چیف جسٹس سمیت سب نے آئین کی پاسداری کا حلف اٹھا رکھا ہے، الیکشن کمیشن کے وکیل جو بھی دلائل دیں لیکن اس سے حقیقت تبدیل نہیں ہوگی۔
بیرسٹر علی ظفر نے کہا جب ریویو ایکٹ پاس ہوا توسینٹ میں کہا کیسے آئین سے متصادم قانون بنا رہے ہیں؟ سینٹ سے 5 منٹ میں ریویو ایکٹ پاس ہوا اور وہاں بحث بھی نہیں ہوئی، آرٹیکل 184 تھری میں ترامیم اچھی ضرور ہیں مگر یہ آئینی ترمیم سے ہی ممکن ہے، عدلیہ کی آزادی سے متعلق قوانین آئینی ترمیم سے ہی بنائے جاسکتے ہیں۔
چیف جسٹس نے سوال کیا کیا آپ کے خیال میں حکومت نے آرٹیکل 184 تھری میں اپیل کا حق دیا جو خلاف آئین ہے؟ بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیاجو نکات مرکزی کیس میں نہیں اٹھائے گئے وہ نظرثانی میں نہیں لائے جا سکتے،چیف جسٹس پاکستان نے کہا اس قانون میں آرٹیکل 184 تھری سے متعلق اچھی ترامیم ہیں، صرف ایک غلطی انہوں نے یہ کی آرٹیکل 184 تھری پر نظرثانی کو اپیل قرار دےدیا، اٹارنی جنرل سے پوچھیں گے کیوں حکومت نے غلطی کی،اٹارنی جنرل نے جواب دیا سپریم کورٹ ریویو ایکٹ کے خلاف درخواست گزار ذاتی حیثیت میں ہیں، اگر علی ظفر کو کیس میں فریق بننا ہے تو درخواست ڈال دیں،چیف جسٹس نے کہاکوئی ایسا راستہ بتائیں وقت کی بچت ہو، اچھی بات یہ ہوئی ہے حکومت اور حکومتی اداروں نے قانون کے مطابق چلنے کا فیصلہ کیا ہے، آج حکومت کی سوچ ریاضی کی بنیاد پر نہیں قانون اور حقائق پر ہے، حکومت کی اچھی قانون سازیوں کو ہم سراہتے ہیں، حکومت تو دروازوں پر احتجاج کر رہی تھی، کیا احتجاج کا مطلب انصاف کے معاملے میں رکاوٹ ڈالنا تھا؟ یہ جو انصاف کا کام ہم کررہے ہیں یہ مولا کریم کا کام ہے، ہمارے کام میں دخل دینا تو حق میں مداخلت کرنا ہے۔
سپریم کورٹ ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ کےخلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران درخواست گزار زمان خان وردگ اور دوسرے درخواست گزار غلام محی الدین نے بیرسٹر علی ظفر کے دلائل اپنا لیے،عدالت نے کہا ہے سپریم کورٹ ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ کےخلاف درخواستیں آئیں، درخواست گزاروں کے مطابق نظرثانی کے دائرہ کار کو بڑھانے کا ایکٹ غیر قانونی ہے، درخواست گزاروں کے مطابق نظرثانی کا دائرہ اختیار بڑھانے کےلئے آئینی ترمیم لازم ہے، سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر لارجر بنچ نے پہلے ہی حکم امتناع دے رکھا ہے، دونوں کیسز ایک ساتھ سماعت کے لیے منگل کو مقرر کیے جائیں۔
عدالت نے سپریم کورٹ ریویو آف آرڈرز اینڈ ججمنٹس ایکٹ کیس میں اٹارنی جنرل، فریق مقدمہ صدر، وفاقی حکومت، وزارت پارلیمانی امور کو بھی نوٹس جاری کر دیا،چیف جسٹس نے کہا ممکن ہے منگل سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کریں، پنجاب انتخابات کیس بھی ریویوایکٹ کیس کےساتھ مقرر کیا جائےگا،بعدازاں عدالت نے پنجاب انتخابات کیس اور ریویو ایکٹ کےخلاف درخواستیں ایک ساتھ سننے کا فیصلہ کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 13 جون تک ملتوی کردی۔
عدالتی دروازے پر احتجاج انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہے،چیف جسٹس



















