اہلکار شہریوں کی بے لوث خدمت کو نصب العین بنائیں: آئی جی پنجاب ،381 افسران، اہلکاروں میں انعامات تقسیم

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاہے کہ امن و امان کے قیام، شہریوں کی جان ومال کے تحفظ اور جرائم کی بیخ کنی کے ساتھ ساتھ سپاہ کی بہترین ویلفیئر اولین ترجیح ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ آئندہ دنوں میں تمام اضلاع میں مزید 08 ہزار سے زائد پروموشنز کی جا رہی ہیں، میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ترقی کے اہل تمام افسران و اہلکاروں کو اس کا حق بلا تاخیر دیا جائے گا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ کانسٹیبلری پولیس فورس کا ہراول دستہ ہے جس کا نصب العین شہریوں کی بے لوث خدمت اور حفاظت ہے، ملک و قوم کی حفاظت اور خلق خدا کی خدمت میں کوئی کسر نہ اٹھا رکھی جائے۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ فورس کی ویلفیئر کیلئے پائیدار سسٹم تشکیل دیا جا چکا ہے، اب قیادت کی تبدیلی سے سپاہ کی ویلفیئر و پروموشنز متاثر نہیں ہوں گی۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ سپروائزری افسران کانسٹیبلری کی گرومنگ اور مسائل کے حل کیلئے انکے ساتھ وقت گذاریں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ شہداءاور غازیوں کے بعد بہترین کرائم فائٹرز کیلئے بھی میڈلز اور کیش ایوارڈز کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں، مجرمان کی سرکوبی کے اہم ٹارگٹس حاصل کرنے والے افسران واہلکار حوصلہ افزائی کے حقدار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آج سنٹرل پولیس آفس میں مختلف ریجنز اور اضلاع کے افسران واہلکاروں کو بہترین کارکردگی پر انعامات دینے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ایس پی سی آر اولاہور عائشہ بٹ سمیت مختلف اضلاع و یونٹس کے سپروائزری افسران کو تعریفی اسناد سے نوازا جبکہ کانسٹیبل سے انسپکٹر رینک کے 381 افسران و اہلکاروں کو 40 لاکھ سے زائد کیش انعامات اور تعریفی اسناد دی گئیں۔ انعامات حاصل کرنے والوں میں لاہور، شیخوپورہ،ساہیوال، فیصل آباد اور ڈی جی خان ریجنز کے افسران و اہلکار شامل تھے۔ ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آئی ٹی احسن یونس، اے آئی جی ڈسپلن احسن سیف اللہ سمیت دیگر افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔ دریں اثناءانسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس فورس کیلئے نئے شوز،ونٹر جیکٹس، اینٹی رائٹ فورس کی شیلڈز خریدنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس حوالے سے فنڈزجاری کرنے کے احکامات بھی دے دئیے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کی منظوری کے بعد پولیس یونیفارم و دیگر سامان تیار کرنے والی متعلقہ کمپنیوں کو 07 کروڑ 76 لاکھ روپے سے زائد فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ دو ہزار سے زائد فیلڈ بوٹس کی خریداری کیلئے01 کروڑ 82 لاکھ، 73 ہزار روپے جاری کئے گئے۔ 3516 پولیس ونٹر جیکٹس کی خریداری کیلئے 02 کروڑ 21 لاکھ 47 ہزار روپے جاری ہوئے جبکہ اینٹی رائٹ فورس کے لئے 03 ہزار حفاظتی شیلڈزکی خریداری کیلئے 03 کروڑ 72 لاکھ روپے جاری کئے گئے۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ تینوں کمپنیوں کی طرف سے سپلائی مکمل ہونے پر تمام سامان متعلقہ یونٹس اور اہلکاروں کو فراہم کر دیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس کی طرف سے سامان کی خریداری کیلئے بھجوائی گئی سمری کی حتمی منظوری دی۔آئی جی پنجاب نے متعلقہ افسران کو یونیفارم اور سامان کا کوالٹی چیک یقینی بنانے کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ فورس کے زیر استعمال سامان اور یونیفارم کا معیار مقررہ سٹینڈرڈز کے مطابق ہونا چاہیئے۔