اکھنڈ بھارت کا بے جا دعویٰ توسیع پسندانہ ذہنیت کا مظہر ہے،پاکستان

اسلام آباد (بیورورپورٹ)پاکستان نے کہاہے اکھنڈ بھارت کا بے جا دعویٰ توسیع پسندانہ ذہنیت کا مظہر ہے،ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں اکھنڈ بھارت دیوار کی تنصیب پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہابھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں نام نہاد قدیم ہندوستان کو دکھایا گیا، بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں بنی دیوار پر وہ علاقے بھی شامل ہیں جو اب پاکستان و دیگر ممالک کے حصے ہیں۔

دفتر خارجہ نے کہا بی جے پی رہنماوں کے بیانات پر حیران ہیں، اکھنڈ بھارت کا بے جا دعویٰ نظرثانی و توسیع پسندانہ ذہنیت کا مظہر ہے، ہندوستان نہ صرف پڑوسی ممالک بلکہ اپنی مذہبی اقلیتوں کی شناخت و ثقافت کو بھی مسخ کرنا چاہتا ہے۔

بھارتی سیاسی رہنماو¿ں کو مشورہ ہے اپنے تفرقہ انگیز و متعصبانہ سیاسی ایجنڈے کےلئے دوسرے ممالک کےخلاف بیان نہ دیں،ترجمان نے مزید کہا بھارت کو اپنے پڑوسیوں کےساتھ تنازعات کو حل کرنا چاہیے، پرامن و خوشحال جنوبی ایشیا کی تعمیر کےلئے بھارت پڑوسیوں کیلئے اپنا نفرت انگیز و متعصبانہ رویہ ترک کرے۔