تل ابیب (مشرق نیوز) اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران کو جوہری بم کے حصول سے روکنے کےلئے جو بھی ہوسکے گا کرےگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بنجمن نیتن یاہو نے اپنے ٹویٹر اکاﺅنٹ پر پوسٹ کردہ بیان میں بین الاقوامی توانائی جوہری ایجنسی کی طرف سے ایران کی جوہری سرگرمیوں کی تحقیقات بند کرنے پر ایجنسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے پاس ایران اور عالمی برادری کیلئے واضح پیغام ہے۔ اسرائیل ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کےلئے ہر ممکن کوشش کرےگا۔ قبل ازیں اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے ایرانی جوہری پروگرام پر ایجنسی کی رپورٹ پر تنقید کی اور اسرائیلی ٹیلیویژن نے رپورٹ کیا کہ ایجنسی ایرانی سیاسی دبا کے سامنے جھک گئی۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان لیور حیات نے ایک بیان میں کہا کہ ایجنسی کی جانب سے ایرانی مریوان جوہری مقام کے معاملے کو حل کرنے کا اعلان انتہائی تشویشناک ہے۔ تہران کی جانب سے اس حوالے سے جو وضاحتیں فراہم کی گئی ہیں، وہ قابل تشویش ہیں۔ سائٹ پر موجود جوہری مواد قابل اعتبار یا تکنیکی طور پر ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سامنے جھوٹ بول رہا ہے اور بین الاقوامی برادری کو دھوکہ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
ایران کو جوہری بم بنانے سے روکنے کیلئے کچھ بھی کرسکتے ہیں:اسرائیل



















