کیچ،چیک پوسٹ پر حملہ،2جوان شہید،کوٹ ادو،گھر میں دھماکہ،6افراد جاں بحق

کیچ ،کوٹ ادو(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)ضلع کیچ میں پاک ایران بارڈر کے قریب سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے،آئی ایس پی آرکے مطابق ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگردوں کے ایک گروہ نے حملہ کیا جوان پہلے ہی الرٹ تھے اور تمام دستیاب ہتھیاروں کےساتھ بہادری سے جواب دیا۔

سکیورٹی فورسز نے کامیابی سے دہشتگردوں کو پیچھے دھکیل دیا اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاک فوج کے 2 جوانوں ڈیرہ غازی خان سے تعلق رکھنے والے 34سالہ سپاہی حسنین اشتیاق ،ضلع جھل مگسی سے تعلق رکھنے والے27سالہ سپاہی عنایت نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر نے کہاسکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت ختم کرنے کےلئے پرعزم ہیں اورقربانیاں عزم کو مزید تقویت فراہم کرتی ہیں۔

دوسری جانب کوٹ ادو میں گھر میں دھماکے سے بچے ،خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے،پولیس کے مطابق کوٹ ادو کے علاقے دھماکہ دائرہ دین پناہ میں کباڑ کا کام کرنے والے شخص کے گھرپر سامان کی چھانٹی کے دوران ہوا ،تحقیقات شروع کردی گئیں۔

ادھر آئی جی پنجاب عثمان انور نے نوٹس لیکرآر پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کرلی۔