روس کی مدد کا جواب، یوکرینی پارلیمنٹ میں ایران کیخلاف پابندیوں کی منظوری

ماسکو (مشرق نیوز) یوکرین کی پارلیمنٹ نے ایران کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے مسودہ قانون کی منظوری دے دی۔میڈیارپورٹس کے مطابق یوکرین ایران پر روس کو ہتھیار فراہم کرنے کا الزام لگاتا ہے۔ اس بنا پر کیف اور تہران کے درمیان کشیدگی بڑھتی جارہی ہے۔یوکرین کی پارلیمنٹ نے اپنی ویب سائٹ پر کہا کہ یہ فیصلہ یوکرین کی پابندیوں اور پوری مہذب دنیا کی جانب سے ایران کو مکمل طور پر تنہا کرنے کی کوششوں سے بھی ہم آہنگ ہے۔نمائندے یاروسلاو زیلیزنیاک کے اعلان کے مطابق اس فیصلے کے تحت کیف کی جانب سے ایران پر 50 سال کی مدت کیلئے پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 328 ارکان پارلیمنٹ نے اس فیصلے کے حق میں ووٹ دیا۔ 28 مئی کو یوکرین کے صدر زیلنسکی نے یوکرین کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور دفاعی کونسل کے فیصلے کی منظوری کیلئے قرار داد کا مسودہ پیش کیا تھا۔ قرارداد میں ایران کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کرنے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔