تعمیراتی کاموں میں سست روی برداشت نہیں ،محسن نقوی

لاہور( خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جوہر ٹاﺅن میں واک این شاپ ایرینا اور اکبرچوک فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا،واک این شاپ ایرینا کے مختلف حصوں کا معائنہ،فلائی اوور پراجیکٹ پر کام کی رفتار کا جائزہ لیا،ایرینا میں اٹالین، امریکن، چائنیز،سپانیش اور مغلیہ طرز کے پویلین دیکھے۔

محسن نقوی نے واک این شاپ ایرینا کی جلد نیلامی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبے کو شفاف انداز سے نیلام کیا جائے،جوہر ٹاﺅن، خیابان فردوسی پر واقع واک این شاپ ایرینا سرمایہ کاروں کےلئے دلچسپی کا باعث بنے گا،پراجیکٹ میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوور پراجیکٹ کو اگست میں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا پراجیکٹ کی تکمیل سے ماڈل ٹاﺅن، فیصل ٹاﺅن، جوہرٹاﺅن، ٹاﺅن شپ، پیکو روڈ، کینال روڈ، کوٹ لکھپت اور قائداعظم انڈسٹریل سٹیٹ کے رہائشی مستفید ہوں گے،روزانہ 2لاکھ 50ہزار گاڑیوں کو آمد و رفت کی بہترین سہولت ملے گی،پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران ایک درخت بھی نہیں کاٹا جائے گا۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سمن آباد انڈرپاس پراجیکٹ ،پونچھ ہاوس کا دورہ کیا، محسن نقوی نے سمن آباد انڈرپاس منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور پراجیکٹ پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تعمیراتی کاموں میں سست روی قطعا برداشت نہیں کروں گا، منصوبے کی تکمیل میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے،منصوبے کو مقررکردہ ڈیڈ لائن کے اندرہرصورت مکمل کیا جائے اور دن رات کام کر کے عوامی سہولت کے منصوبے کو پایہ تکمیل پہنچایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے، تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین مینجمنٹ کی جائے،مزید برآںنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا 23 واں اجلاس ہوا، اجلاس میں اتھارٹی کے امور کا جائزہ لیا گیا اوربہاولپور ، لودھراں سپیڈو بس سروس کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی جبکہ بہاولپور ، لودھراں بس سروس کےلئے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے ذریعے پرائیویٹ کنٹریکٹر کی خدمات حاصل کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔

محسن نقوی نے بہاولپور شہر میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا عوام کو معیاری اور محفوظ سفر کی فراہمی ترجیح ہے۔