سعودی عرب اور کینیڈا کے سفارتی تعلقات بحال

اوٹاوا (مشرق نیوز )کینیڈا اور سعودی عرب نے مکمل سفارتی تعلقات بحال کرنے اور نئے سفیروں کے تقرر پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ اس سے 2018 کے تنازع کے اثرات کا خاتمہ ہوا ہے جس سے دوطرفہ تعلقات اور تجارت کو نقصان پہنچا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اطلاع دی کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے درمیان ہونے والی بات چیت کی روشنی میں کینیڈا کے ساتھ سفارتی تعلقات کی سطح کو اس کی سابقہ حالت میں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔بیان کے مطابق یہ فیصلہ دونوں فریقوں کی جانب سے باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر دوطرفہ سفارتی تعلقات بحال کرنے کی خواہش کا نتیجہ ہے۔اوٹاوا میں سعودی سفارت خانے نے فوری طور پر اس معاملے پرکوئی تبصرہ نہیں کیا۔