ایران تجارتی جہازوں کودہشت گرد اڈوں میں تبدیل کر رہا ہے:اسرائیل کا الزام

تل ابیب (مشرق نیوز) اسرائیل کے وزیردفاع نے ایران پر الزام عاید کیا ہے کہ وہ تجارتی بحری جہازوں کو فوجی جہازوں میں تبدیل کر رہا ہے تاکہ انہیں مشرقِ اوسط کی سمندری حدود میں دہشت گردوں کے تیرتے ہوئے اڈے بنایا جا سکے۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزیردفاع یوآف گیلنٹ نے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پانچ مختلف بحری جہازوں کی تصاویر پیش کیں اور کہا کہ ایران نے خفیہ طور پر انھیں لڑاکا جنگجوﺅں اور ہتھیاروں سے لیس کرکے فوجی بحری جہازوں میں تبدیل کر دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ تہران ان مسلح بحری جہازوں کو مشرق اوسط میں اپنے پنجے پھیلانے اور اسرائیل کے خلاف ایک نیا محاذ کھولنے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ براہ راست اس سمندری دہشت گردی کا تسلسل ہے جو ایران خلیج اور بحیر عرب پر مسلط کر رہا ہے اور وہ اپنی سرگرمی کو بحر ہند اور بعد میں بحیر احمر اور بحیر روم(بحرِمتوسط)تک پھیلانے کیلئے کام کر رہا ہے۔