لاہور،فیصل آباد(خبر نگار،بیورورپورٹ)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پولیس لائنزفیصل آبادمیں شرپسندوں کے حملوں سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی، محسن نقوی نے پولیس اہلکاروں کی خیریت دریافت کی ،بلند حوصلے کو سراہا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا پنجاب پولیس کے بہادرسپوتوں نے جس تحمل کا مظاہر ہ کیا وہ قابل تحسین ہے،پولیس افسروں وجوانوں نے فرض شناسی کی عمدہ مثال قائم کی،قوم کو آپ پر فخر ہے،سیاسی جتھے کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
محسن نقوی کی زیر صدارت پولیس لائنز وکمشنر آفس فیصل آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس ہوئے ،امن وامان کی صورتحال اور9مئی کے دہشتگردی واقعات میں ملوث شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیاگیا، نگران وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی تمام شرپسندوں کو جتنی جلدی ہوسکے قانون کی گرفت میں لایا جائے اور شرپسندوں کےخلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے،تمام کیسز کی پروفیشنل اورقانونی لحاظ سے موثر تفتیش کی جائے تاکہ کوئی بھی شرپسند بچ نہ پائے،شرپسندوں کے سہولت کاروں اورماسٹر مائنڈکو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے،متعدد شرپسند پکڑے جاچکے ہیں،مزید کےخلاف کریک ڈاون جاری ہے،کسی کو معافی نہیں ملے گی۔
علاوہ ازیںنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فیصل آبادانسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اورچلڈر ن ہسپتال کا دورہ کیا ،ہسپتالوں میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں و صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی،مریضوں ،تیمارداروں نے علاج معالجے و پرائمری انجیو گرافی کی سہولتوں ومفت ادویات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ بعض مریضوں نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کا رڈیالوجی میں بیڈزکی کمی پر شکایات کیں، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے بیڈز کی تعداد جلد بڑھانے کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی نے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے پارکنگ ایریا میں اوورچارجنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پولیس کو پارکنگ کی اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف ایکشن کا حکم دیا، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے چلڈرن ہسپتال کی نرسری میں بچوں کی دیکھ بھال کےلئے ایس او پیز پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا چلڈرن ہسپتال کی انتظار گاہ میں سہولتوں کو بہتر بنایا جائے،مریضوں کے رش کے باعث کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں توسیع ناگزیر ہے،فرینڈز آف الائیڈ ہسپتال فیصل آبادکے تعاون سے نیا ایمرجنسی بلاک تعمیر کیا جائے گا،نئے ایمرجنسی بلاک کی فوری تعمیر شروع کرنے کےلئے اراضی مختص کی جا رہی ہے۔
شرپسندوں کے سہولت کاروں اورماسٹر مائنڈکو بھی قانون کے کٹہرے میں لائیں گے،محسن نقوی



















