پی ڈی ایم کا دھرنا: کارکن ریڈزون میں داخل، سپریم کورٹ کے سامنے پہنچ گئے

اسلام آباد (مشرق نیوز) حکومتی اتحاد میں شامل جماعتوں کے کارکنان احتجاج اور دھرنے کیلئے وفاقی دارالحکومت کے ریڈزون میں داخل ہوکر سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے دھرنے کی قیادت سربراہ جمعیت علما اسلام مولانا فضل الرحمن کریں گے۔ پی ڈی ایم جماعتوں کے کارکن گیٹ پھلانگ کر ریڈزون میں داخل ہوئے اور نعرے لگاتے ہوئے عدالت عظمیٰ کے باہر پہنچے، جہاں ایف سی اور پولیس اہل کاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔ پولیس حکام کی جانب سے مظاہرین سے مذاکرات کی کوشش کی جا رہی ہے۔ دوسری جانب ذرائع کے مطابق حکومت اور جے یو آئی (ف) میں مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں جس کے بعد مولانا فضل الرحمان نے حکومت کو واضح کیا ہے کہ احتجاج سپریم کورٹ کےسامنے ہی ہوگا اور ایک سے دو بجے احتجاج کا آغاز ہو گا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھرنے کا سٹیج سپریم کورٹ سے تھوڑا پیچھے لگوائیں گے، الیکشن کمیشن یا وزیراعظم ہاو¿س کے سامنے سٹیج لگ جائے تو اعتراض نہیں، سپریم کورٹ کی انٹری یا بالکل سامنے سٹیج نہ لگایا جائے یہی حکمت عملی ہے۔