صورتحال پریشان کن،سیاسی وعسکر ی قیادت کو تحفظات سے آگاہ کردیا،صدرمملکت

اسلام آباد(بیورورپورٹ)صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے عمران خان کی گرفتاری اور زدوکوب کرنے سے پیدا ہونےوالی موجودہ صورتحال پر شدید پریشان ہوں، جبرو گرفتاریوں کی بجائے دوبارہ سوچنا چاہیے اور سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے، سیاسی و عسکری قیادت کو تحفظات سے آگاہ کردیا ،امید کرتا ہوں حالات بہتر ہوں گے۔

اعلامیے کے مطابق صدر مملکت نے کہاانسانی جانوں کا ضیاع دل دہلا دینے والا ،باعث تشویش، افسوسناک اور انتہائی قابل مذمت ہے،احتجاج پاکستان کے ہر شہری کا آئینی حق ہے تاہم ہمیشہ قانون کے دائرے میں رہنا چاہیے،کچھ شرپسندوں نے جس طرح سے سرکاری املاک بالخصوص سرکاری و فوجی عمارتوں کو نقصان پہنچایا وہ قابل مذمت ہے،جبر و گرفتاریوں کی بجائے سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے، سیاسی و عسکری قیادت کو اپنے تحفظات سے آگاہ کردیا،امید کرتا ہوں حالات بہتر ہوں گے،صدر مملکت نے کہاملک کے تمام شہریوں سے پرامن رہنے کی پرزور اپیل کرتا ہوں۔

علاوہ ازیںصدر مملکت عارف علوی نے وزیر اعظم شہباز شریف کے نام خط لکھ کر کہا میں اور پاکستانی عوام سابق وزیراعظم کےساتھ بدسلوکی کی ویڈیو دیکھ کر حیران رہ گئے، آپ کی توجہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے عمران خان کی گرفتاری کے طریقہ کار و نتائج کی طرف مبذول کرانا چاہتا ہوں ،عمران خان مقبول رہنما اور ایک ایسی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں جسے پاکستانی عوام کی بڑی حمایت حاصل ہے، صدر مملکت نے کہااسلام آباد ہائیکورٹ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اس دفتر میں زبردستی داخل ہوئے جہاں عمران خان کی بائیو میٹرک کا عمل جاری تھاجس انداز میں گرفتاری عمل میں لائی گئی اس سے عالمی برادری میں پاکستان کا تاثر داغدار ہوا۔

ملک دشمنوں کو پاکستان کا مذاق اڑانے اور اپنے شہریوں کے حقوق پامال کرنے والے ملک کے طور پر پیش کرنے کا موقع دیا گیا ،ایسا واقعہ کسی کےساتھ نہیں ہونا چاہیے، صدر مملکت نے کہاماضی میں اس طرح کی اقساط پیش آنے کا جواز پیش کرنا آج ٹھیک نہیں بنا سکتا ، مذموم و غیر ضروری واقعات سے پہلے سے بگڑتی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ، سماج میں تقسیم مزید بڑھ رہی ہے،بلاشبہ عمران خان کے حامیوں کی بڑی تعداد ہے جو گرفتاری کے ایسے مناظر دیکھ کر جذباتی ہوئی۔

صدر مملکت نے کہاقاتلانہ حملے کی وجہ سے ٹانگ زخمی ہونے کے باوجود سکیورٹی اہلکاروں کی طرف سے رہنما کو گھسیٹا گیا،دردناک واقعہ مسلح افواج کی عمارتوں سمیت عوامی املاک پر ہجوم کے حملوں کا باعث بنا،صدرمملکت نے کہامیرا ماننا ہے عوام کو احتجاج کرنے کا حق ہے لیکن پرامن و قانون کے دائرے میں رہنا چاہیے ، تیزی سے تقسیم ہوتی سیاست کے درجہ حرارت کو کم کرکے مستحکم کیا جانا چاہیے،صدر مملکت نے کہاجیسے کو تیسا اور ہیجانی ردعمل کی بجائے سیاسی درجہ حرارت کم کرکے استحکام لایا جانا چاہیے،عوامی اثاثوں کو پہنچنے والے نقصان و شرپسندوں کے غیر قانونی اقدامات پر پریشان ہوں، آئین و قانون کا محافظ ہونے کے ناطے میں واقعات کی مذمت کرتا ہوں۔

عارف علوی نے کہامیرا ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے، آئیں تحمل کا مظاہرہ کریں اور اپنی تقدیر کو بچائیں،براہ کرم یقینی بنائیں عمران خان کے آئینی حقوق پامال نہ ہوں ،جان کو مکمل تحفظ حاصل ہو، وزیراعظم آئین اور رولز آف بزنس 1973 کے تحت مجھے ملک کی موجودہ صورتحال سے آگاہ رکھیں۔