اسرائیل کو دھمکانے والوں کیلئے کوئی جائے پناہ نہیں،نیتن یاہو کا پیغام

تل ابیب (مشرق نیوز) اسرائیلی میڈیا نے سکیورٹی میٹنگ کے دوران وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ ان کی توجہ صرف اسلامی جہاد تحریک پر ہے اور ہم ضرورت کے مطابق اقدامات جاری رکھیں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کو دھمکیاں دینے والے کسی بھی گروپ کے لیے کوئی جائے پناہ نہیں ہوگی۔انہوں نے اسلامی جہاد اور حماس کی طرف سے اسرائیل کو غزہ میں کی گئی کارروائی کے بعد دھمکیوں کا جواب دیا۔اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان کا ملک طاقت سے نمٹے گا اور اس کا لمبا بازو ہماری مرضی کے مطابق کسی بھی جگہ اور وقت پر ہر دہشت گرد تک پہنچ جائے گا۔اسرائیل کے وزیر توانائی یسرائیل کاٹز نے زور دے کر کہا کہ اگر حماس تشدد میں شامل ہوتی ہے، تو اس کی قیادت پہلا ہدف ہو گی اور ہم ان لوگوں کو نقصان پہنچانے کے لیے کام کریں گے جو ہمیں نقصان پہنچاتے ہیں۔ یہ حماس کیلئے ایک واضح پیغام ہے۔