پی ٹی آئی رہنما اسد عمر اور عمر سرفرازچیمہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا

اسلام آباد/ لاہور (مشرق نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنماﺅں اسد عمر اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری اور سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کو پولیس نے اسلام آباد ہائی کورٹ رٹ برانچ کے قریب گیٹ سے گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ کے احاطے سے اسد عمر کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیکورٹ کے چھوٹے گیٹ سے اسد عمر کو گرفتار کیا گیا اور کس مقدمے میں گرفتاری ہوئی، اس حوالے سے ابھی کچھ معلوم نہیں۔ علاوہ ازیں علی الصبح تحریک انصاف کے سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو بھی اینٹی کرپشن نے لاہور سے گرفتار کیا گیا۔ انہیں ایڈیشنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے ٹیم کے ہمراہ ان کے گھر سے گرفتار کیا۔ سابق گورنر پنجاب کو اپنے دور میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔