اسلام آباد (مشرق نیوز) آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چینی سٹیٹ قونصلر اور وزیر خارجہ چن کنگ اور افغان قائم مقام وزیر خارجہ امیر متقی کی علیحدہ علیحدہ ملاقات ہوئی جس میں سی پیک، افغانستان کی صورتحال اور خطے میں قیام امن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ہاو¿س میں چینی وزیر خارجہ سے ملاقات میں علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات کے دوران آرمی چیف نے چین پاکستان سٹرٹیجک تعلقات کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ آرمی چیف نے چین پاکستان اکنامک کوریڈور منصوبے کیلئے بھی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور کہا یہ منصوبہ چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کا ایک اہم جزو ہے۔ آرمی چیف نے علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر پاکستان کیلئے چین کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا۔ وزیر خارجہ چن گنگ نے برادر ممالک کے درمیان دیرینہ تزویراتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ چینی وزیر خارجہ نے سی پیک پر ہونےوالی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا، چینی وزیر خارجہ نے سی پیک کی بروقت تکمیل کیلئے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔ چینی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔ دونوں شخصیات نے خطے میں سکیورٹی کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے قائم مقام افغان وزیر برائے خارجہ امور امیر خان متقی نے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ آرمی چیف اور افغان قائم مقام وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں علاقائی سلامتی، بارڈر مینجمنٹ اور موجودہ سیکیورٹی ماحول میں بہتری کیلئے دوطرفہ سیکیورٹی میکانزم کو باقاعدہ بنانے کے پہلوو¿ں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف عاصم منیر سے چینی اور افغان وزیر خارجہ کی ملاقاتیں



















