سرکاری دفاترز کے باہر بے ہنگم پارکنگ سٹینڈز،دہشت گردی کے خدشات

لاہور (مرزا ندیم بیگ/ عکاسی: واحد شہزاد سے)شہر میں ہونےوالی دہشت گردی کے واقعہ کے بعد سکیورٹی انتہائی الرٹ کر دی گئی تھی تاہم مزنگ کے علاقے میں موجود سرکاری اہم دفاترز جہاں لوگوں کی ہر روز کافی تعداد موجود رہتی ہے جو اپنے کسی نہ کسی کام کے سلسلے میں آتے ہیں، ملازمین سمیت ان کے سروں پر خطرے کی گھنٹیاں بج رہی ہیںجبکہ وہاں قیمتی جانوں کی حفاظت کیلئے کوئی خاص اقدامات نہیں کئے گئے۔ سونے پر سہاگہ یہ کہ ان دفاترزکے باہر کوئی پرسان حال نہیں جگہ جگہ پارکنگ سٹینڈز بن چکے ہیں اس کے علاوہ ریڑھی بانوں نے قبضے کر رکھے ہیں جس کی وجہ سے کبھی بھی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔بتایا گیا ہے کہ موجود ہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا تھا اور تمام محکموں خاص کر جہاں لوگوں کی آمد ورفت زیادہ رہتی ہے سختی سے احکامات جاری کیئے گئے تھے کہ وہاں حفاظتی انتظامات بہتر کریں لیکن اس طرف کوئی خاص توجہ نہیں دی گئی جس کی مثال مزنگ کے علاقہ میں ہیڈ آفس انٹی کرپشن کا دفتر ،بورڈ آف ریونیوسمیت مزید کئی اور دفاتر ہیں ۔اس کے ساتھ ہی ایک پرائیویٹ ہسپتال موجود ہے دوسری طرف انٹی کرپشن کی دیوار کے ساتھ ایک اور اہم دفتر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن موجود ہے وہاں دو ایسے شعبے ہیں جس کے باعث بڑی تعداد میں سائل آتے ہیں موٹر برانچ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی رجسٹریشن ،ٹوکن ٹیکس،ٹرانسفراور نمبر پلیٹوں جیسے کام اسی طرح دوسرے شعبے پراپرٹی ٹیکس میں سائلین کی آمد و رفت جاری رہتی ہے ۔جبکہ ان دفاتروں میں آنے والوں کی کوئی خاص چیکنگ نہیں کی جاتی ایک سکیورٹی گارڈ اور باقی چوکیدار بے یار ومددگار ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں ان دفاتروں کے باہر پارکنگ سٹینڈ میں سارادن موٹر سائیکلیں اور گاڑیاں بڑی تعداد میں کھڑی رہتی ہیں اس کے علاوہ دائیں بائیں لوگوں نے خود پرائیویٹ سٹینڈ بنا رکھے ہیں، رہی سہی کسر وہاں روڈ پر اڈے لگا کر بیٹھے ایجنٹوں اور ریڑھی بانوں نے پوری کر دی ہے ان کی وجہ سے کسی بھی وقت کوئی بھی بڑا حادثہ پیش آ سکتا ہے۔ تقریباً ہر روز ان کی وجہ سے ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔ اس بارے میںذمہ داروں سے بات کی گئی تو اس نے بتایا کہ اپنی طرف سے سکیورٹی کے جس حد تک انتظامات کر سکتے تھے کئے ہیں، اسکے علاوہ متعلقہ تھانہ کے ایس ایچ او کو آگاہ کر دیا تھا باہر کی ذمہ داری ہماری نہیں ہے وہ پولیس کا کام ہے ان کے خلاف ایکشن لیں۔