محکمہ بہبود آبادی: عوامی شعور کی بیداری کیلئے آفیشل یوٹیوب چینل”بہبود ٹی وی“ کا آغاز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) محکمہ بہبود آبادی پنجاب نے یوٹیوب کے ذریعے عوام میں شعور پیدا کرنے کیلئے آفیشل یوٹیوب چینل”بہبود ٹی وی“ پر باقاعدہ نشریات کا آغاز کر دیا۔اس حوالے سے سیکرٹری بہبود آبادی پنجاب سلمان اعجاز کی زیر صدارت محکمہ افسران کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے سیکرٹری پاپولیشن ویلفیئر سلمان اعجاز نے کہا کہ بہبود ٹی وی پر ضلعی بہبود آبادی دفاتر کی سرگرمیوں پر مشتمل ڈیلی نیوز بلیٹن، ملک کے نامور لوگوں کے ساتھ ٹاک شوز، عوامی رائے پر مبنی روڈ شوز، محکمہ بہبود آبادی کے پیغام پر مشتمل اینی میٹڈ ویڈیوز، تیزی سے بڑھتی آبادی کے اثرات سے متعلق ڈاکومنٹریز اور مختلف سٹوریز کے ذریعے عوام میں آبادی اور وسائل میں توازن کا شعور بھرپور طریقے سے اجاگر کیا جا رہا ہے۔ عوام کی جانب سے محکمہ بہبود آبادی پنجاب کے یوٹیوب چینل ”بہبود ٹی وی“کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے اور مثبت فیڈ بیک کے ساتھ اس کو دیکھنے والے ناظرین میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر ثمن رائے بھی اجلاس میں شریک تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا کے دوسرے مقبول ترین پلیٹ فارم فیس بک پر بھی محکمہ بہبود آبادی پنجاب کے آفیشل پیج ”پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ پنجاب“کے ذریعے وسائل اور آبادی میں توازن کا پیغام بھرپور طریقے سے عام کیا جا رہا ہے۔ آفیشل فیس بک پیج کو فالو کرنے والے صارفین کی تعداد 80 لاکھ سے زائد ہے۔اس کے ساتھ ساتھ محکمہ کی جانب سے سوشل میڈیا کے دیگر پلیٹ فارمز انسٹاگرام اور ٹویٹر کا بھی بھرپور استعمال کیا جارہا ہے۔