پاکستان فراخدلانہ عطیات دینے والے صف اوّل کے ملکوں میں شامل ہے:گورنر پنجاب

لاہور(اپنے رپورٹر سے) گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان معاشرے کے غریب طبقات کے دکھوں کا مداوا کرنے اور آفات سے متاثرہ افراد کی جلد بحالی کیلئے انسان دوستی کی بنیاد پر فراخدلانہ عطیات دینے والے صف اوّل کے ممالک میں شامل ہے۔ جمعرات کو یہاں ”رابعہ ویلفیئر ہسپتال“ کی افتتاحی تقریب سے مختصر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ایک ہی چھت تلے غریبوں کو مفت طبی علاج فراہم کرنے کیلئے جدید ترین ہسپتال بنانے پر ماڈل سٹیل کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ عطیات کا بڑھتا ہوا رجحان اوسط اور کم آمدنی والے ممالک کیلئے فنڈنگ کا بڑھتا ہوا ذریعہ ہے جس سے صحت عامہ، تعلیم، زراعت، صنفی مساوات اور صاف توانائی کیلئے رقوم مہیا ہو رہی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ چیریٹی ہسپتال علاقے کے لوگوں کی طبی ضروریات کو پورا کرےگا۔ انہوں نے بڑے کاروباری افراد اور صنعتکاروں پر زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں بالخصوص صحت اور تعلیم کے شعبے میں کام کریں اس کا فائدہ آنے والی نسلوں کو بہتر ملک کی شکل میں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ”زندگی کا راز اس میں ہے کہ جو آپ کے پاس ہے اس میں سے لوگوں کو دیں“۔ جب آپ اپنے آپ سے بڑھ کر خدمت کرتے ہیں، چاہے وہ آپ کا خاندان ہو، آپ کی مقامی برادری ہو یا آپ ایک بڑے مقصد کی تلاش میں ہیں تو آپ اپنی زندگی کو مزید بامعنی بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عطیات اور خیرات کا کلچر بہت مضبوط ہے اور صاحب حیثیت افراد انسان دوستی میں افراد، کمیونٹی اور عظیم مقاصد کیلئے بڑے مالی وسائل عطیہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام بھی اس بات کا داعی ہے کہ دوسروں کی مدد میں ہی کامیابی ہے۔ مخیر حضرات اپنے مال و دولت کا ایک حصہ ضرورتمندوں کو واپس کر کے دنیا میں اپنا اثر ڈالتے ہیں۔ یہاں تک کہ اگر آپ کے پاس دوسروں کو دینے کیلئے مال و دولت نہیں ہے تب بھی آپ انہیں اپنا وقت، اپنی توانائی، یا جو بھی وسائل آپ کے پاس ہیں وہ انہیں دے سکتے ہیں اور اس طرح سے ہر کوئی مخیر بن سکتا ہے۔ وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر، کرغزستان ٹریڈ ہاﺅس کے چیئرمین اور ایم ڈی ماڈل سٹیل مہر کاشف یونس نے کہا کہ اس 4 منزلہ 50 بستروں پر مشتمل ہسپتال پر 500 ملین روپے لاگت آئی ہے جس میں جدید ترین طبی آلات و سہولیات میسر ہیں، خاص طور پر شہر میں پہلی بار اوپن ایم آر آئی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب مریضوں کو مکمل مفت علاج اور دوائیں ملتی رہیں گی جبکہ دیگر صاحب حیثیت افراد بھی انتہائی رعایتی نرخوں پر علاج معالجے کی سہولیات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی ٹیکس محتسب آصف محمود جاہ ، سابق ایم این اے سہیل ضیاءبٹ ، عمر سہیل بٹ، شاہد نذیر، چیئرمین فلٹر ہاﺅس، مجاہد بٹ، میاں جبار خالد، عامر میاں، فرحان شاہد اور احمد وقار چوہدری بھی موجود تھے۔