اسلام آباد(بیورورپورٹ)فاصلوں میں کمی،چیف جسٹس ،قاضی فائز میں ایک اور ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال،تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے درمیان ایک اورملاقات ہوئی۔
ذرائع سپریم کورٹ کے مطابق ملاقات افطاری سے کچھ دیر قبل ہوئی، دونوں معزز ججز کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں کافی دیر تک جاری رہی،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا وضاحتی بیان بھی چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی مشاورت سے جاری ہوا، دونوں معزز جج صاحبان نے اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اس سے قبل جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے آئین کی گولڈن جوبلی تقریب میں شرکت پروضاحتی بیان میں کہا سپریم کورٹ کے تمام ججوں کو آئین کی گولڈن جوبلی منانے کی دعوت دی گئی تھی،آئین کی گولڈن جوبلی تمام شہریوں کےلئے جشن مسرت ہے،کسی مخصوص سیاسی جماعت یا ادارے کا تنہا استحقاق نہیں ، آئین کی اہمیت سب پر واضح کی جانی چاہیے اور ایسا مسلسل کرنا چاہیے، دعوت قبول کرنے سے پہلے معلومات حاصل کی گئیں کیا سیاسی تقریریں کی جائیں گی، یقین دہانی کرائی گئی صرف آئین پربات کی جائے گی۔
پہلے میرے عملے اور پھر خود میں نے براہ راست سپیکر سے نکتے کی وضاحت کرائی، وضاحت ملنے کے بعد ہی میں نے دعوت کوقبول کیا، آئین کےساتھ اظہار یکجہتی کرنا چاہتا تھا،مجھ سے پوچھا گیا تھا تقریر کریں گے تو میں نے معذرت کی تاہم جب بعض تقریروں میں سیاسی بیانات دئیے گئے تو پھر میں نے بات کرنے کی درخواست کی، منتظمین نے پاکستانی تاریخ کا خصوصی اہمیت کا حامل دن منانے کیلئے سب کو دعوت دی تھی۔
آئین کی گولڈن جوبلی تمام شہریوں کیلئے جشن مسرت ہے،عدلیہ کے ایک فرد کی عزت افزائی کیلئے مجھے درمیان میں بٹھایا گیا، میں نے بیٹھنے کیلئے خود جگہ نہیں چنی،لوگوں کے منتخب نمائندے مکمل احترام کے مستحق ہیں، آل انڈیا مسلم لیگ کے سیاست دانوں کے بغیر آزادی حاصل نہ کرپاتے، جب پاکستان کے پاس لوگوں کے براہ راست چنے گئے نمائندوں کا بنایا گیا آئین نہیں تھا تو ملک تقسیم ہوگیا،مسلسل جاری غلطی کی اصلاح بالآخر 50 سال قبل کی گئی، لوگوں کے بنیادی حقوق تسلیم کرکے آئین میں درج کیے گئے۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے مطابق تمام پاکستانیوں کی نجات آئین کی پابندی میں ہے، شہریوں کا بہترین مفاد اس میں ہے تقسیم کی بیج نہ بوئے جائیں، آئین کا بنایا جانا تاریخ کے اہم ترین لمحات میں سے ہے جسے منانا ضروری ہے۔
فاصلوں میں کمی،چیف جسٹس ،قاضی فائز میں ایک اور ملاقات،اہم امور پر تبادلہ خیال



















