ٹی ٹی پی رہنماﺅں کی پاکستان میں آباد کاری عمران حکومت نے کی: وزیر دفاع

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیر دفاع اور رہنماءمسلم لیگ (ن) خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے رہنماﺅں کی پاکستان میں دوبارہ آباد کاری عمران خان اور انکی حکومت کی ناقص حکمت عملی تھی۔ کالعدم ٹی ٹی پی کے رہنماﺅں کی پاکستان میں دوبارہ آباد کاری کو اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل تھی۔ امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ افغان طالبان حکام پاکستان پر حملوں میں اپنی سرزمین کے استعمال سے روکنے میں کامیاب نہیں ہوئے، کالعدم ٹی ٹی پی آج بھی پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا پر حملوں کیلئے افغان سرزمین استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے ہمراہ افغانستان کے ایک ماہ پہلے دورے میں یہ معاملہ زیر بحث آیا تھا، طالبان نے اس مسئلے سے نمٹنے کے عزم کا اظہار کیا تھا، طالبان کا کہنا تھا وہ اپنی زمین دہشت گردی کیلئے کسی بھی ملک کےخلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت طالبان کی آج بھی مدد کر رہا ہے، افغان طالبان اور کالعدم ٹی ٹی پی فاصلہ چاہتے ہیں، اسلام آباد کے کابل میں حکمران طالبان رہنماﺅں سے اچھے تعلقات ہیں۔