اقتدار کے ایک سال میں بہت بڑے مسائل اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا: شہباز شریف

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائے ایک سال ہو گیا، میرے نقطہ نظر کے مطابق یہ بڑے چیلنجز اور مشکلات کا سال رہا ہے۔ ٹوئٹر پر ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ مہنگائی نے پوری دنیا میں لوگوں کو متاثرکیا ہے، جیوسٹرٹیجک دشمنیاں، ایندھن، قیمتوں میں اضافہ اور سیلاب مہنگائی کے اہم عوامل ہیں، جب اقتدار سنبھالا تو حالات انتہائی مشکل تھے اور متعدد چیلنجز کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سماجی تحفظ کے جال کو بڑھایا، ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی، پی ڈی ایم حکومت پاکستان کو فیٹف گرے لسٹ سے نکالنے میں کامیاب ہوئی، بہترین وزارتی رابطہ کاری، عسکری قیادت کے تعاون سے طویل سفر تھا۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونا غیرمعمولی واقعہ تھا، اس کی وجہ صرف یہ نہیں کہ عدم اعتماد کے بعد پی ڈی ایم کی حکومت اقتدار میں آئی بلکہ یہ وہ موقع تھا جب پاکستان کی تقریباً تمام سیاسی قوتوں نے مل کر غیر مقبول حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹانے کیلئے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف منشور رکھنے والی جماعتوں نے قومی مفاد پر یک جہتی کا مظاہرہ کیا جو ملک میں سیاسی انقلاب کی طرف اہم پیش قدمی تھی، محاذ ارائی کے برعکس یہ سیاسی مصالحت اور تعاون کی سیاست کے نئے دور کا آغاز تھا۔