الیکشن کمیشن کو فنڈ جاری کرنے کابل قائمہ کمیٹی کے سپرد

اسلام آباد (بیورورپورٹ)وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے ملک کے حالات انتخابات کے ناسازگار قرار دیتے ہوئے قومی اسمبلی میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کے انتخابات کےلئے الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے پر بل پیش کر دیا جسے متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

سپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں ریاض پیرزادہ کی جانب سے پیش کر دہ تحریک پر معمول کی کارروائی کا ایجنڈا معطل کر دیا گیا،اجلاس کے دور ان سپیکر راجہ پرویز اشرف نے وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کےلئے فنڈز کی دستیابی کا بل ایوان میں پیش کرنے منظوری دی،بل پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا حکومت پارلیمان کی بالادستی، آئین اور قانون کی بالادستی پر پختہ یقین رکھتی ہے۔

پی ٹی آئی نے باقاعدہ منظم سازش کے ذریعے ملک میں آئین اور قانونی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی ہے، قومی اسمبلی سے استعفے پیش کیے اور عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی اور اس کے ساتھ ساتھ پنجاب اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی کو مقررہ مدت سے پہلے تحلیل کروایا،اقدامات کا واحد مقصد وطن عزیز میں سیاسی افراتفری اور لاقانونیت کو ہوا دینا ہے، ملک میں انتخابات کا ہونا ایک آئینی ذمہ داری ہے لیکن اس کے لیے ضروری ہے قومی اور تمام صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی وقت میں نگراں حکومتوں کے زیر اہتمام کرائے جائیں، اخراجات کی مد میں بچت کی جاسکتی اور انتخابات منصفانہ، آزادانہ اور غیرجانب دارانہ بنایا جاسکتا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا آئین پاکستان کے تحت پارلیمنٹ کی بالادستی ایک مسلمہ حقیقت ہے، مقننہ، انتظامیہ اور عدلیہ کے اختیارات اور حدود کا تعین کردیا گیا ، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ملک میں آزادانہ، شفاف اور غیرجانب دارانہ انتخابات کرائیں، گزشتہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی سکیورٹی، معاشی اور داخلی حالات اس بات کے متقاضی ہیں فوری انتخابات ملک کے مفاد میں نہیں ہیں،مردم شماری کا عمل بھی تقریباً مکمل ہونے کے قریب ہے جس پر قوم نے 35 ارب کا خرچہ برداشت کیا ۔

سپریم کورٹ کے حالیہ کئی احکامات کی روشنی میں معزز ایوان نے قرارداد کے ذریعے باور کرایا سپریم کورٹ کا اکثریتی فیصلہ 4-3 کا فیصلہ ہے جس میں از خود نوٹس کی نفی کی جاتی ہے،اسحاق ڈار نے کہا اس ایوان نے حکومت پر زور دیا 3-0 کا فیصلہ اقلیتی ہے، اس پر عمل نہ کیا جائے، وفاقی کابینہ نے حالیہ اجلا س میں اس ایوان کی قرارداد اور سپریم کورٹ کے احکامات پر غور و خوض کے بعد فیصلہ کیا ہے اس معزز ایوان کی روشنی میں عدالت کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے لیے رقم مختص کرنے کے حکم کو اس ایوان میں پیش کرے تاکہ ایوان فیصلہ کرے۔

وزیرخزانہ نے کہا کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں منی بل 2023 بعنوان پنجاب اور خیبرپختونخوا بل اس ایوان میں پیش کیا جارہا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کے تحت وفاقی حکومت کو صوبائی انتخابات کے لیے 21 ارب الیکشن کمیشن کو دینے کے احکامات جاری کیے ہیں اور حکومت دیگر صوبوں کے بغیر کرائے جا رہے ہیں،وفاقی حکومت کی روشنی میں آئین کے آرٹیکل 81 ای کے تحت منی بل متعارف کرایا جا رہا ہے۔

قبل ازیں بل پیش کرنے سے قبل وزیرخزانہ نے منی بل 2023 کے موضوع پر ایوان کو اعتماد میں لینے سے قبل گزشتہ 5 سال کی معیشت کی تاریخ کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا مالی سال 17-2016 تک وزیراعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت کی شرح نمو 6 فیصد تک پہنچی تھی، افراط زر کی شرح 4 فیصد، کھانے پینے کی چیزوں کی مہنگائی میں سالانہ اوسطاً 2 فیصد، شرح سود 6 فیصد اور اسٹاک ایکسچینج ایشیا میں نمبر ایک اور پوری دنیا میں 5 نمبر پر تھی،پاکستان خوش حالی اور معاشی ترقی کی جانب گامزن تھا اور دنیا پاکستان کی ترقی کی معترف تھی اور عالمی ادارے کے مطابق 2030 جی-20 میں شامل ہونے جا رہا تھا۔

پاکستان کا روپیہ مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائر 24 ارب کا بلند ریکارڈ قائم کرچکے تھے ، ان حالات میں منتخب جمہوری حکومت کے خلاف سازشوں کے جال بچائے گئے اور اس کے نتیجے میں ایک سلیکٹڈ حکومت وجود میں آئی جو ایک غیرسیاسی تبدیلی تھی، جس نے کامیاب اور بھرپور مینڈیٹ کی حکومت کی دی گئی پالیسیوں کو شدید نقصان پہنچایا جو ملک 2017 میں دنیا کی 24 ویں بڑی معیشت بن چکا تھا گر کر 2022 میں گر 47 ویں نمبر پر آگیا لیکن گزشتہ برس شہباز شریف کی قیادت میں اتحادی حکومت آئی تو ایک تباہ شدہ معیشت ورثے میں ملی۔

مالیاتی خسارہ بلند ترین سطح 7.9 فیصد تھا، بیرونی ادائیگیوں کا خسارہ 17.4 ارب ڈالر تھا، تجاری خسارہ 40 ارب ڈالر پر پہنچ چکا تھا، معیشت تباہی کے دہانے پر تھی، 2013 سے 2018 کے درمیان پاکستان کی معیشت مضبوط بناد پر کھڑی ہو گئی تھی، جس سے ہمارے پیش رو نے تباہ و برباد کردیا، موجودہ حکومت کو سب سے بڑا چیلنج ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا تھا، حکومت نے ان تھک محنت سے یہ کام اب تک پورا کیا،اگلا مرحلہ عوام کو خوش حال راہ کا تعین اور عوام کو ریلیف پہنچانے کا ہے لیکن سازشی عناصر ملک کی ترقی میں ہر وقت رکاوٹیں کھڑی کر تے ہیں۔

وزیرخزانہ نے کہا سازشی عناصر ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ نہ کرسکے تو اب ملک میں بڑی سازش کے ذریعے آئینی بحران پیدا کرچکے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت کوشش کررہی ہے قوم میں مایوسی پھیلے، ان کی خواہش ہے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہ ہوسکے اور پاکستان خدانخواستہ دیوالیہ ہو جائے،لگاتار افواہیں پھیلاتے ہیں اور حال ہی میں میرے امریکہ کے دورے کی منسوخی کی غلط خبریں پھیلائیں اور بے بنیاد تجزیے پیش کیے، ملک دشمنی پر اتر آئے ہیں اور کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے جس سے اقوام عالم میں پاکستان کی جگ ہنسائی ہو۔

پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ایم ایف کے معاہدے پر عمل نہیں کیا بلکہ اس کے برعکس کام کیے جس کی وجہ سے پاکستان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی،یوکرین جنگ اور سیلاب کی وجہ سے معیشت کو نقصان پہنچا اور ہماری حکومت نے مشکل حالات میں ریاست کو اپنی سیاست پر ترجیح دیتے ہوئے بڑے مشکل فیصلے کیے، اگر ایسا نہ کیا جاتا تو ملک دیوالیہ ہوچکا ہوتا،فیصلوں کی وجہ سے موجودہ مخلوط حکومت نے بے پناہ نقصان اٹھایا اور اس کے عوض ملک کی معاشی تنزلی کو تھام لیا اور اب ہم معاشی استحکام سے ترقی پر چل پڑے ہیں،ہماری پوری کوشش ہے سابقہ حکومت کے وعدے پورے کرتے ہوئے آئی ایم ایف کا پروگرام مکمل کریں اور پاکستان کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کریں،موجودہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام مکمل کرے گی اور عملے کی سطح پر معاہدے پر جلد دستخط کیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی کے الزامات کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ،خراب معاشی صورت حال صرف پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے کیونکہ یہ گزشتہ 4 سال کی معاشی بدانتظامی کا شاخسانہ ہے ،عالمی معاشی خرابی اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ اور 2022 میں بدترین سیلاب نے ملک کی معاشی مشکلات میں اضافہ کردیا، سیلاب کی وجہ سے ملک کی املاک کو 14 ارب ڈالر کا نقصان ہوا جبکہ جی ڈی پی کو 16 ارب ڈالر کا نقصان ہوا،سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 16 ارب ڈالر کی ضرورت ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، حکومت نے پچھلے ماہ بینظیر انکم سپورٹ فنڈ کی مد 25 فیصد اضافہ کردیا اور بجٹ 360 ارب سے بڑھا کر 400 ارب کر دیا گیا،بعد ازاں قومی اسمبلی نے الیکشن اخراجات بل قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا اور اجلاس جمعرات دن 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

دوسری جانب سینٹ نے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے کی قرارداد کثرت رائے سے منظوری کرلی جبکہ قرارداد کی منظوری کےخلاف اپوزیشن نے شدید چیئرمین سینٹ کے ڈائس کا گھیراو¿ کرلیا ، اپوزیشن اراکین شدید نعرے بازی کرتے رہے ۔

اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم نے ایوان سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ہے جو ڈاکا ڈالا گیا اس کی مثال پارلیمانی تاریخ میں نہیں ملتی، ہم نے ٹوکن واک آو¿ٹ کیا اور قرارداد پاس کر دی گئی، قرارداد منظوری کےلئے دوبارہ پیش کریں، قراردار کی کوئی اوقات نہیں ،عوام سپریم کورٹ کے فیصلے کےساتھ ہیں، پنجاب اسمبلی کے الیکشن سپریم کورٹ کی تاریخ پر ہو گی،سپریم کورٹ حکم اور آئین کے مطابق پنجاب اسمبلی کا الیکشن 14 مئی کو ہو گا، حکومت توہین عدالت کے ساتھ آئین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔

سینیٹر طاہر بزنجو کی جانب سے قرارداد سینٹ میں پیش کی گئی جس میں کہا گیا ملک میں معاشی استحکام کےلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، ملک مزید سیاسی عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا، آئین کے تحت تمام اسمبلیوں کے انتخابات، نگران سیٹ اپ میں اکھٹے ہونے چاہئیں،قرارداد کے مطابق پنجاب ملک کا آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑا ملک ہے جہاں پر قومی اسمبلی کی سب سے زیادہ نشستیں ہیں، پنجاب میں پہلے انتخابات کرانے سے دیگرچھوٹے صوبوں پر منفی اثرات مرتب ہوں گے،قومی اسمبلی اورچاروں صوبائی اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کرائے جانے چاہئیں۔

قرراداد میں کہا گیا محاذ آرائی کی بجائے سیاسی استحکام کی ضرورت ہے اس لیے قومی اسمبلی اورچاروں صوبائی اسمبلیوں کے بیک وقت انتخابات کرائے جانے چاہئیں، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے اکٹھے انتخابات سے وفاق مضبوط ہوگا۔

اس موقع پر وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ پروسیجر بل 60 ووٹوں سے پاس ہوا، ان کے 19 ووٹ آئے تھے، پی ٹی آئی اس دن بھی ایوان سے بائیکاٹ کر گئی تھی،ایک شخص کی ذاتی انا کےلئے 2 اسمبلیاں توڑ دی گئیں تب ان کو آئین یاد نہیں آیا، کیا یہ آئین شکنی نہیں تھی؟ اب آج آپ بھگتیں، اگر پاکستان کو مضبوط کرنا ہے اور سیاسی و معاشی استحکام چاہتے ہیں تو ملک بھر میں ایک وقت میں انتخابات ضروری ہیں،اپوزیشن جمہوری روایات کا خیال رکھے، پارلیمانی روایات اور قواعد کا انہیں احترام کرنا چاہئے اور ایک دوسرے کی بات سننے کا حوصلہ ہونا چاہیے ، ایوان کو ٹی وی شو نہ بنائیں، جب پچھلے سال اپریل میں قومی اسمبلی توڑ دی گئی تھی تو اس وقت کیوں شرم نہ آئی،وفاق سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے ایک ساتھ الیکشن کرانے سے ملک مضبوط ہو گا۔

اجلاس کے دور ان چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے سے متعلق قرارداد کی منظوری کے بعد دوبارہ ایوان میں پیش کرنے کا اپوزیشن کا مطالبہ مسترد کر دیا، اجلاس کے دور ان سینٹ نے زنا بالجبر(تفتیش اور سماعت)(ترمیمی )بل 2022متعلقہ قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا، اجلاس میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے زنا بالجر(تفتیش اور سماعت)ایکٹ 2021میں مزید ترمیم کرنے کا زنا بالجبر(تفتیش اور سماعت)(ترمیمی )بل 2022پیش کرنے کی تحریک پیش کی، جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہازنا باالجبر اور زنا بلرضاکی بھی سزا ہونی چاہیے ،زنا بالجبر بل کی مخالفت کرتے ہیں ،قانون قرآن و سنت کی روشنی میں بنائیں۔