”میرا پیارا“ایپ کیلئے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم تیار ،گمشدہ و باز یاب بچوں کی تلاش ممکن ہو گی،محسن نقوی

لاہور (خبر نگار)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ”میرا پیارا“ ایپ پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا، محسن نقوی کی ہدایت پر ”میرا پیارا“ایپ کےلئے ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم تیار کر لیا گیا، محسن نقوی نے ”میرا پیارا“ایپ کو فوری طورپر لانچ کرنے کیلئے ا قدامات کاحکم دیتے ہوئے کہا’میرا پیارا“ایپ کو فول پروف وممکنہ حد تک مستند بنا یا جائے، بریفنگ کے دوران بتایا گیا ”میرا پیارا“ایپ پر سپیشل بچے یا فرد کو بھی گمشدگی کے خدشے کے پیش نظر رجسٹرڈ کیاجاسکے گا ۔

گمشدہ و باز یاب بچے یا فرد کی رپورٹ بھی کی جاسکے گی اور گمشدہ ، باز یاب بچوں کی تلاش ممکن ہوسکے گی، بریفنگ میں مزید بتایا گیا پنجاب میں 2629گمشدہ بچے رجسٹرڈہیں جبکہ259بچے باز یاب ہوچکے ،25گمشدہ بچوں کو کامیابی کے ساتھ خاندان سے ملا دیا گیا، ”میرا پیارا“ایپ پر شہری بھی بچے کی گمشد گی کی رپورٹ کرسکیں گے۔

ناخواندہ لوگ پولیس فرنٹ ڈیسک، تحفظ مرکز اور پولیس خدمت مرکز پر بھی رپورٹ کراسکتے ہیں، چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور شیلٹر ہومز پر ”میرا پیارا“ایپ کے ذریعے تلاش وباز یابی کی رپورٹ ممکن ہوگی ،گمشدہ بچوں یا افراد کی تصویر، رنگ و نسل اور فنگر پرنٹس کے ذریعے فیملی سے ملایا جاسکے گا،آخری مرحلے میں گمشدہ بچوں وافراد کے والدین او رباز یاب بچوں و افراد کے والدین کا ڈی این اے ہوگا۔

علاوہ ازیںنگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صوبے بھر میں ایسٹر پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا حکم دےدیا، محسن نقوی نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کو ایسٹر کے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیلئے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گرجا گھروں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی جائے اور پولیس نفری میں مزید اضافہ کیا جائے، پولیس و قانون نافذ کرنے والے ادارے چوکس رہیں اور شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے ، افسر خود فیلڈ میں موجود رہیں اور تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کی مانیٹرنگ کریں۔