عمران کو دوبارہ لانے کیلئے جتن،3ججز کیخلاف ریفرنس دائر ہوناچاہیے،نوازشریف

لندن(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے کہاہے عدالت کے دہرے معیار سمجھ سے باہر،ہمیں ایک منٹ میں نکال دیا گیا،عمران خان کو دوبارہ لانے کیلئے جتن کیے جارہے ہیں،3ججز کیخلاف ریفرنس دائر ہوناچاہیے۔

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا عدالت نے مجھے گاڈ فادر اور سسلین مافیا تک کہا، ایک جج عظمت شیخ سعید کسی کی پروموشن چاہتے تھے کیونکہ میں اس وقت وزیراعظم تھا، مجھے پروموشن کے کسی کیس کا معلوم نہیں تھا وہ کیس کہیں بیورو کریسی میں تھا اور معلوم نہیں پروموشن بنتی تھی نہیں لیکن عظمت سعید نے مجھے یہاں تک کہا وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہیے اڈیالہ جیل میں بڑی جگہ ہے! ،پارلیمنٹ کو بے وقعت اور حکومت کو مفلوج کرکے رکھ دیاگیا، حکومت کی کوئی رٹ نہیں رہنے دی۔

نہیں سمجھتا پاکستان میں آئندہ حکومتیں کیسے چلیں گی؟ کیسے کہیں پارلیمنٹ سب سے اعلیٰ ادارہ ہے، کسی بھی چیز کو اہمیت نہیں دی جارہی ،پارلیمنٹ میں پاس قانون کی بھی کوئی پروا نہیں اگر ملک کو زندہ رہنا ہے تو پارلیمنٹ کو بالادست رکھنا ہوگا، دنیا کے کسی ملک میں ایسا کیوں نہیں ہوتا، کسی ملک میں ایسا ہوتا نظر نہیں آئے گا لیکن 70 سال سے ایسا ہوتا دیکھ رہے ہیں، 1953 میں نظریہ ضرورت کے تحت پہلا فیصلہ آیا تھا، کیا نظریہ ضرورت صرف ڈکٹیٹروں کےلئے ہے؟۔

اگر نظریہ ضرورت کوئی چیز ہے تو کسی وزیراعظم کےلئے بھی کبھی استعمال کیا گیا ہو،70 سال سے یہی تماشا دیکھ رہے ہیں پاکستان کی منتخب حکومت کو باہر نکال دیا جاتا ہے، عدلیہ نہیں ان ججز کی بات کررہا ہوں جنہوں نے وہ کردار ادا کیا اور آج بھی کچھ نہیں بدلا ،جج صاحبان کی زبان میں ون مین شو ہوا ،کیس میں 4 ججز کا فیصلہ پہلے ہی آچکا تو ایک شخص چیف جسٹس کو کیسے اجازت دی جاسکتی ہے وہ پاکستان کا وزیراعظم بھی بن جائے، وزیر دفاع بھی بن جائے، چیف الیکشن کمشنر اور پارلیمنٹ بھی بن جائے۔

ریاست کو مفلوج کرکے لاڈلے کے عشق میں سب کچھ تباہ وبرباد کردیا گیا جو بہت افسوس ناک ہے، 3ججز کےخلاف سپریم جوڈیشل کونسل میں ریفرنس دائر کیا جانا چاہیے ،فیصلہ 3ججز کےخلاف چارج شیٹ کا درجہ رکھتا ہے،انسان اپنے دوستوں سے پہچانا جانتا ہے اگر اس طرح کے کرپٹ ججز کا آپ تحفظ کریں گے تو آپ ادارے کا کیا تحفظ کریں گے؟،خدا کا خوف کریں اس قوم کو کیا باتیں سنارہے ہیں جو ہماری سمجھ نہیں آرہیں، قوم سے کہتا ہوں جاگو! ہوش کے ناخن لو، یہ لوگ پاکستان کو تباہ و برباد کررہے ہیں، اس کےخلاف کھڑے ہوجائیں۔

فل کورٹ کے مطالبے پر کیوں پس و پیش سے کام لیا گیا؟ بنانے میں کیا حرج تھا؟ جب دال میں کالا ہو تو ایسی بات ہوتی ہے، فیصلہ فل کورٹ سے نہیں ملنا تھا تو اسی لیے 3رکنی بنچ بنایا گیا،2018 میں نواز حکومت جانے اور عمران خان حکومت آنے کے سوال پر نوازشریف نے کہا اس وقت کے ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے ہیڈ جنرل (ر) باجوہ، جنرل فیض، جسٹس ثاقب نثار، جسٹس کھوسہ، اعجاز الاحسن، عظمت سعید و دیگر ججزتھے ، سب نے ملکر مجھے نکالا اور عمران خان کو لائے ،ملک کو تباہی کی راستے پر ڈالا، پہلے بھی کہا تھا اس طرح کے فیصلے آئیں گے تو ڈالر 500روپے کا ہوجائے گاایسے ججز کےخلاف دوسرے ججز کی کوششیں جہاد ہیں۔